سرینگر//حریت (گ)چیرمین سید علی گیلانی نے ماگام، سوپور، پلوامہ، ہندوارہ اور ڈورو اسلام آباد میں طلباءوطالبات کے خلاف پولیس تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں پولیس کی بے جا مداخلت صورتحال کو دھماکہ خیز بنانے کی باعث بن رہی ہے اور اس کے نتیجے میں بچوں کاکلاس ورک بُری طرح سے متاثر ہورہا ہے۔ انہوں نے تمام گرفتار طلباءکی فوری رہائی اور ان پر تشدد ڈھانے میں ملوث فوجی اور پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسکولوں اور کالجوں میں زیرِ تعلیم بچے ہمارا مستقبل ہیں اور قوم ان کے ساتھ ہورہی جبروزیادتیوں پر خاموش تماشائی بن کر نہیں رہ سکتی ہے۔ آزادی پسند قیادت اس سنگین معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہے اور وہ وعدہ بند ہے کہ طلباءکو ریاستی دہشت گردی کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا ہے۔