اشتیاق ملک
ڈوڈہ //سرکار کی جانب سے تعلیمی اداروں میں وندے ماترم پڑھانے کے حکمنامہ کو ناقابل قبول عمل قرار دیتے ہوئے علماء کرام کی ایماء مساجد نے کہا کہ حب الوطنی ان کے دلوں میں کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہے لیکن ایسے ترانہ کو زور و زبردستی کی بنیاد پر پڑھایا نہیں جاسکتا ہے۔نماز جمعہ کے موقع پر ضلع ڈوڈہ کی مختلف مساجد میں خطاب کرتے ہوئے ایماء مساجد و علماء نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے حالیہ دنوں یہ حکمنامہ جاری کیا گیا ہے جس میں سکولوں میں وندے ماترم پڑھانے کی ہدایات جاری دیں گئیں ہیں۔انہوں نے یہ سنسکرت زبان کا فقرہ ہے اور اس کے معنی یہ ہیں کہ میں اپنے مادر وطن کا پرستار ہوں اور اس کی عبادت کرتا ہوں۔انہوں نے کہا حب الوطنی بری چیز نہیں ہے اور اگر انصاف کے دائرہ میں ہو تو اسلام اسے پسند کرتا ہے لیکن اسلام میں خدا کے سوا کسی کی عبادت نہیں کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو ایسا کہنے پر مجبور کرنا گویا ان کو اس بات پر مجبور کرنا ہے کہ وہ اپنے مذہب و عقیدہ سے دستبردار ہو جائیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کی امن، سلامتی ،ترقی و خوشحالی کے لئے وہ ہر وقت دعا گو رہتے ہیں لیکن ایسا حکمنامہ جاری کرنا جس سے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچے جمہوری نظام میں درست نہیں ہے۔ انہوں نے حکومت سے اس فیصلے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔