جموں//شہر میں بغیر پرمٹ کے چل رہی تعلیمی اداروں سے منسلک وین گاڑیوں کیخلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ٹریفک پولیس نے 35گاڑیاںضبط کرلیں ۔جمعرات کو ٹریفک پولیس کی طرف سے اس سلسلے میں بڑے پیمانے پر کارروائی کی اور ایس ایس پی ٹریفک روہت بسکوترہ کی قیادت میں شہر کے مختلف مقامات میں ناکے لگاکر 35ایسی گاڑیاں ضبط کرلی گئیں جو بغیر پرمٹ کے چلائی جارہی تھیں ۔ایس ایس پی ٹریفک پولیس نے بتایا’’ہم نے آج 35گاڑیاں ضبط کی ہیں ،ہم آئندہ دنوں بڑے پیمانے پر مہم شروع کرنے والے ہیں‘‘۔انہوںنے کہاکہ ٹریفک پولیس نے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا و ترسیل عامہ کے دیگر ذرائع کا استعمال کرکے تعلیمی اداروں کی انتظامیہ اورطلباء کے والدین سے اس بات کا تعاون طلب کیاکہ وہ ایسی ٹیکسی یا وین میں بچوںکو نہ بھیجیں جس کا پرمٹ نہ ہو۔ان کاکہناتھاکہ کسی بھی حادثے کی صورت میں پھر ٹریفک پولیس اور گاڑی کے ڈرائیور کو ہی ذمہ دار ٹھہرایاجاتاہے ۔انہوںنے کہاکہ وہ والدین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے بچوں کو بغیر پرمٹ والی وین گاڑیوں میں نہ بیٹھنے دیں ۔ان کاکہناتھاکہ دربار کی جموںمنتقلی کے پیش نظر ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے مقصد سے اضافی اہلکارتعینات کئے گئے ہیں ۔ایس ایس پی کاکہناتھاکہ ان کے پاس پہلے سے ہی غلط پارک کی گئی گاڑیوں کو اٹھانے کیلئے کافی تعداد میںلفٹنگ مشینیں موجود تھیں تاہم دربار کے پیش نظر شہر میںمزید دو مشینیں کام پر لگادی گئی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ شہر کی سڑکوںپر 4500منی بسیں آمدورفت کرتی ہیں جن کے مخصوص مقامات پر کھڑا ہونے کیلئے کوئی انتظام نہیں۔ان کاکہناتھاکہ پہلے جموںمیونسپل کارپوریشن کی طرف سے کچھ جگہوں پر سٹاپ رکھے گئے تھے ۔ایس ایس پی کاکہناتھاکہ شہر میں سب سے زیادہ ضرورت پارکنگ کی ہے ۔انہوںنے بتایاکہ شہرمیںمنی بسوںمیں سفر کرنے والے لوگوں کی حفاظت کیلئے ٹریفک پولیس کی طرف سے ہیلپ لائن نمبر جاری کیاگیاہے جس کیلئے وہ 19147732پر رابطہ قائم کرسکتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ڈرائیور کی طرف سے موسیقی کے استعمال ،مسافروں کیساتھ بدتمیزی یا اگلی گاڑی کے تعاقب کے دوران لوگوںکی جان خطرے میں ڈالنے کی صور ت میں مسافر مذکورہ بالا نمبر پر تحریری طور پر شکایت درج کراسکتے ہیں ۔انہوںنے بتایاکہ اس کے بعد شکایت کنندہ کو اس کے فون پر ہی کارروائی کے بارے میں جواب مل جائے گا۔ایس ایس پی نے دعویٰ کیاکہ امسال محکمہ کی طرف سے قوانین شکنی کرنے پر 18000لوگوں کیخلاف چالان کیاگیاہے ۔