سرینگر//ریاستی گورنر این این ووہر انے، ریاستی آئین کے سیکشن 50کے سب سیکشن (6) کے تحت ان کے پاس اختیارات کی رو سے تصدق حسین مفتی کو جموں وکشمیر قانون ساز کونسل کے ممبر کی حیثیت سے نامز دکیا ہے۔یہ نشست کونسل میں خالی پڑی تھی۔تصدق مفتی کو 26دسمبر کے روز حلف دلانے کا امکان ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ کونسل میں پی ڈی پی کی ایک نشست ڈاکٹر کرن سنگھ کے بیٹے وکرم ادتیہ سنگھ کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی جس کے بعد پی ڈی پی نے فیصلہ کیا کہ تصدق مفتی کو باضابطہ طور پر سرگرم سیاست میں لیا جائے اور وہ وزیر اعلیٰ شکایتی سیل میں کوارڈینٹر کے عہدے سے مستعفی ہوئے۔ اسکے بعد انکی نامزدگی کے حوالے سے کابینہ وزراء سے اجازت طلب کی گئی اور اس طرح انکی کونسل تک رسائی ممکن ہو پائی۔چند روز گورنر نے انکی نامزدگی کے معاملے پر معمولی اعتراض بھی چتلایا تھا اور حکومت کی طرف سے وضاحت ملنے کے بعد جمعہ کو گورنر نے انکی نامزدگی کو منظوری دی۔اس دوران گورنر نے حج و اوقاف ( آزادانہ چارج) ، پی ڈی ڈی ، پی ایچ ای ، آئی اینڈ ایف سی اور صنعت و حرفت کے وزیر مملکت کے عہدے سے سید فاروق اندرابی کا استعفیٰ منظور کیا ۔تصدق مفتی کے حوالے سے گورنر کی منظوری کی فائل قانون ساز کونسل سیکریٹریٹ پہنچ گئی ہے اور اب کونسل سیکریٹریٹ اس بارے میں باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کریگا۔تاہم اس سے قبل کونسل کے چیئرمین عنایت علی کو گورنر کی منظوری کی فائل بھیج دی جائے گی۔کونسل کے چیئرمین ہی حلف دلانے کی تاریخ مقرر کریں گے۔تاہم معلوم ہوا ہے کہ تصدق مفتی کو 26دسمبر کو کونسل کے ممبر کی حیثیت سے حلف دلایا جارہا ہے۔دریں اثناء ریاستی کابینہ کی ایک میٹنگ جو جمعہ کو وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی صدارت میں منعقد ہوئی ،جس میں2 جنوری2018 ء کو گورنر این این ووہرا کی طرف سے ریاستی قانون سازیہ کے مشترکہ اجلاس کے دوران پیش کئے جانے والے خطبے کو منظوری دی گئی۔