سرینگر//انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن نے تسلط پسند قوتوں کے خلاف جدوجہد کو انبیائے کرام ؑ اور ائمہ معصومین ؑ کا شعار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی ہرسطح پر تائید و حمایت تنظیم کے اساسی نصب العین کا جُزولاینفک ہے ۔آغا حسن تنظیم کے ضلعی و زونل صدور و سیکریٹریوں کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔اجلاس میں تنظیمی امورات اور رواں جدوجہد کے حوالے سے ریاست کی سلگتی صورتحال کو زیر بحث لایا گیا۔ اجلاس میں اس عہد کی تجدید کی گئی کہ تنظیم اور تنظیمی قیادت کے ہر فیصلے کو زمینی سطح پر عملانے کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔ آغا حسن نے کہا کہ حکومت ہند نے کشمیر یوں کے جذبہ حریت کو توڑنے کے لئے جبروتشدد کا ہر حربہ آزمایا اور یہ جبروتشدد کی انتہاء کا نتیجہ ہے کہ اب کشمیری قوم موت وحیات کے ڈر سے بے نیاز ہوتی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کا سب سے بہترین طریقہ مذاکرات ہے اور بھارت مذاکرات کی اہمیت اور ضرورت کو جان بوجھ کر نظرانداز کرکے خطے میں دانستہ طورپر کشیدگی میں اضافے کا ذمہ دار ہے ۔