اگرتلہ//تری پورہ میں 25سالہ بائیں بازو کے اقتدار کے خاتمہ کے بعد بی جے پی کارکنوں نے ریاست میں ہنگامہ آرائی کی۔ جنوبی تری پورہ کے بیلونیا شہر میں بی جے پی حامیوں اور کارکنوں نے روسی انقلاب کے ہیرو ولادمیر لینن کے مجسمہ کو مہندم کردیا۔ لینن کے مجسمے کو توڑنے کیلئے بلڈوزر کی مدد لی گئی۔ اس دوران بی جے پی کارکنان بھارت ماتا کی جے کے نعرے بھی لگا رہے تھے۔ پیر کو تقریبا ساڑھے تین بجے بی جے پی حامیوں نے بلڈوزر کی مدد سے چوراہے پر نصب لینن کے مجسمے کو منہدم کردیا۔ فی الحال پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے اور بلڈوزر کو ضبط کرلیا ہے۔ بیلونیا سے سی پی آئی کے سکریٹری تپس دتا نے کہ کہ وہاں موجود بی جے پی کے کارکنوں نے مجسمہ توڑنے کے بعد اس کے سر کے ساتھ فٹ بال کھیلا۔ انہوں نے نہ صرف لیفٹ کے دفاتر کی توڑ پھوڑ کی بلکہ کارکنان کے گھروں پر بھی حملہ کرکے انہیں نشانہ بنایا۔اس واقعہ پر سی پی آئی ایم نے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے اور اپنی ناراضگی ظاہر کی ہے۔ ساتھ ہی ساتھ پارٹی نے ایک فہرست جاری کی ہے ، جہاں اس طرح کے پرتشدد واقعات پیش آئے ہیں۔ پارٹی نے پی ایم مودی اور بی جے پی پر ان کے کارکنان کو ڈرانے کا بھی الزام لگایا ہے۔