کپوارہ//ترہگام قصبہ سے 3کلو میٹر دور مقام ڈولی پورہ بنیادی سہولیات سے محروم ہے جس کے نتیجے میں بستی میں مقیم لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کر نا پڑ تا ہے ۔مقامی لوگو ں نے الزام لگایا کہ برسو ں بعد ان کی دیرینہ مانگ کو مد نظر رکھتے ہوئے سرکار نے ترہگام سے مقام اور مقام سے لدرون سڑک پروجیکٹ کو منظوری دی اور اس کی باضابطہ سروے کی لیکن سڑک پر کام شروع کرنے سے قبل سڑک کوترہگام سے ہوتے ہوئے میوہ با غات کے پیچ تعمیر کرنے کا نقشہ تیار کیا گیا اورمقام کو یکسر نظر انداز کیا ۔مقامی لوگو ں نے کپوارہ میں ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ کے دفتر کے باہر احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ فوری طور ترہگام سے مقام اور مقام سے لدرون کی سڑک پر سرکارکی جانب سے منظور شدہ حکم نامے کے مطابق کام شروع کیا جائے تاکہ ہزارو ں لوگو ں پر مشتمل آ بادی کو سڑک سہولیات سے جو ڑ دیا جائے ۔احتجاج میں شامل لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ کرو ڑوں روپئے مالیت کے اس سڑک پروجیکٹ پر محکمہ تعمیرات عامہ نے کام شروع کیا ہے لیکن جس مقصد کے لئے اس سڑک پروجیکٹ کو منظوری دی گئی وہ فوت ہوجاتا ہے ۔مقام ڈولی پورہ کے لوگو ں کا کہنا ہے یہ گائو ں بنیادی سہولیات سے محروم ہے اور اس جدید دورمیں بھی سڑک رابطہ سے محروم ہے ۔اس حوالے سے ایگزیکٹیو انجینئر آر اینڈ بی کپوارہ ڈویژن نے کچھ کہنے سے معذوری ظاہر کی اور معاملہ چیف انجینئر کی نو ٹس میں لانے کے لئے کہا ۔