کپوارہ//ترہگام کپوارہ میں آ تشزدگی وارداتوں کے جاری سلسلے کے خلاف مقامی لوگو ں اور بیوپار منڈل ترہگام نے احتجاجی مظاہرے کئے ۔اتوار اور پیر کی درمیانی شب قصبہ میں ایک لکڑی کی دکان سے اچانک آگ نمودار ہوئی ۔ترہگام بازار کے آ س پاس رہائش پذیر لوگ فوری طور گھرو ں سے باہر آئے اور بچاﺅ کارروائی شروع کی جبکہ فائر سروس عملہ ترہگام نے سخت محنت کے بعد آ گ پر قابو پاکر باقی دکانو ں کو بچالیا ۔آتشزدگی کے اس واقعہ میں دکان مکمل طور راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا ۔مقامی لوگو ں کے مطابق گزشتہ ہفتہ ترہگام قصبہ میں 5دکانیں آگ کی ایک وارادت میں خاکستر ہوگئیں۔آگ کی تازہ واردات کے بعد پیر کو قصبہ میں دکانیں بند رہیں اور مقامی لوگوں کے علاوہ دکاندارو ں نے احتجاجی مظاہرے کئے اور ترہگام قصبہ میں مسلسل آتشزدگی کی وارداتوں میں اضافہ پر تشویش کا ظہار کرتے ہوئے آتشزدگی کی ان وارداتوں کو پُر اسرار قرار دیا۔ہڑتال اور احتجاجی مظاہرو ں کے دوران کپوارہ کرالہ پورہ سڑک پر کئی گھنٹوں تک گاڑیو ں کی نقل و حمل متاثر رہی جبکہ قصبہ میں زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ۔اس موقع پر تحصیلدار ترہگام اور ایس ایچ اور ترہگام پر ویز احمد نے لوگو ں کو یقین دلایا کہ وہ معاملہ کی نسبت تحقیقات عمل میں لائیں گے اور اگر کوئی آگ کی ان پر اسرار واردات میں ملو ث پایا گیا تو ان کے خلاف سخت کاروائی ہوگی ۔