سرینگر//شہر خاص کے راجوری کدل میں بوسیدہ مکانات لوگوں کیلئے وبال جان بن گئے ہیں جوآوارہ کتوں کی آماجگاہ میں تبدیل ہوچکے ہے۔ترگری پورہ راجوری کدل نزدیک میرواعظ منزل میں موجود یہ مکانات اس قدر خستہ اور بوسیدہ ہوچکے ہیںکہ کسی بھی وقت یہ گر سکتے ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق یہ مکانات شہریوں بالخصوص بچوں کیلئے یہ باعث خطرہ بن چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ مکانات کسٹوڈین کے ہیںاور اس قدر بوسیدہ ہوچکے ہیںکہ کسی بھی وقت دھڑام سے گر سکتے ہیں۔ مقامی محلہ کمیٹی نے بتایا کہ کئی مکانات کے کئی حصے ڈھہ گئے ہیں اور یہ کسی بھی وقت ایک بڑے حادثے کا موجب بن سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کئی بار اس سلسلے میں متعلقہ محکموں کو بھی باور کرایا گیاتاہم انہوں نے اس سلسلے میں کوئی بھی قدم نہیں اٹھایا۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ مکانات خستہ ہونے کی وجہ سے علاقے بھر کے کتوں کی آماجگاہ بن چکے ہیں۔ مقامی آبادی کاکہنا ہے کہ لوگ اب تک ان کتوں کا تر نوالہ بن رہے ہیں اور بچے اور خواتین کا گھروں سے باہر نکلنا کسی خطرے سے کم نہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف کسی بھی وقت ان بوسیدہ مکانات کے گرنے کا ڈر اور دوسری طرف ان میں کتوں کی موجودگی نے اہل علاقہ کو کافی مشکلوں میں ڈال دیا ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ قبل اس کے کہ یہ مکانات کسی بڑے حادثے کا موجب بنے،ان کو منہدم کیا جائے۔مقامی لوگوں کے مطابق پائین شہر کے کئی علاقوں میں درجنوں عمارتیں،بوسیدہ ہوچکی ہے،جو کہ مقامی آبادی کیلئے خطرے کی گھنٹی ثابت ہو رہی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکار کی طرف سے شہر خاص کو جاذب النظر بنانے اور عظمت رفتہ بحال کر نے کے بیچ اس طرح کی خستہ اور بوسیدہ عمارات و مکانات نے بھی کئی سوالات کھڑے کئے ہیں۔