عظمیٰ نیوز سروس
انقرہ //استنبول میں جاری بین الاقوامی دفاعی نمائش میں ترکیے نے ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے اپنا پہلا ہائپر سونک میزائل ‘‘ٹائفون بلاک 4’’ دنیا کے سامنے پیش کر دیا۔یہ میزائل ترک دفاعی صنعت کی جانب سے نہ صرف تکنیکی برتری کا مظہر ہے بلکہ خطے میں ترکیے کی اسٹریٹجک حیثیت کو مزید مضبوط کرنے کی جانب بھی ایک بڑا قدم ہے۔ترک اسلحہ ساز ادارے ‘‘راکٹسان’’ کے مطابق ٹائفون بلاک 4، پہلے سے موجود بیلسٹک میزائل ‘‘ٹائفون’’ کا جدید ترین اور سب سے خطرناک ورڑن ہے، جو 800 کلومیٹر کی رینج کے ساتھ ہائپر سونک رفتار میں دشمن پر برق رفتاری سے وار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کی 10 میٹر لمبائی اور 7 ہزار 200 کلوگرام وزن کے ساتھ یہ میزائل اپنے ہدف پر نہایت تیزی سے پہنچنے کے علاوہ جدید منیور ایبلٹی کی وجہ سے دشمن کے دفاعی نظام کو چکمہ دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔راکٹسان نے واضح کیا ہے کہ یہ میزائل صرف ایک ہتھیار نہیں بلکہ ایک مکمل اسٹریٹجک سسٹم ہے، جو فضائی دفاعی نظام، کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز، فوجی ہینگرز اور اہم اسٹریٹجک تنصیبات کو ہدف بنا سکتا ہے۔ ملٹی پرپز وارہیڈ کی موجودگی اسے میدان جنگ میں نہایت مؤثر اور تباہ کن بناتی ہے۔ٹائفون بلاک 4 اس وقت سیریل پروڈکشن کے مرحلے میں ہے اور اسے ترک مسلح افواج کے ذخیرے میں شامل کرنے کا عمل جاری ہے، جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ ترکیے دفاعی خود انحصاری کی دوڑ میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔یہ پیش رفت صرف ترکیے کے لیے ہی نہیں، بلکہ خطے میں طاقت کے توازن کے لیے بھی ایک بڑی تبدیلی کی علامت سمجھی جا رہی ہے۔