شوپیان // ترکہ وانگام میں جمعرات کی رات شدید فائرنگ ہوئی تاہم بعد میں کوئی معلومات فراہم نہیں ہوسکیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ رات 9بجکر 20منٹ پر بس اڈہ کے نزدیک ایک پرائیویٹ سکول کے متصل شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کافی دیر تک جاری رہا۔اس کے بعد مکمل خاموشی چھا گئی لیکن رات 10بجے ایک بار پھر فائرنگ ہوئی۔ غیر مصدقہ اطلاعات میں کہا گیا کہ فورسز نے یہاں گھات لگایا تھا جس کے دوران وہاں سے جنگجوئوں کا گذر ہوا اور فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔یہ بھی معلوم ہوا کہ مقامی نوجوانوں نے فورسز پر پتھرائو بھی کیا۔ رات دیر گئے صورتحال جوں کی توں تھی۔ لیکن فوج کی طرف سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پرائیویٹ سکول کے نزدیک فوج کی کسی کیسپر گاڑی پر حملہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی فوج کی کوئی پارٹی یہاں سے گذررہی تھی۔