یواین آئی
حیدرآباد//اے پی کے تروپتی ریلوے اسٹیشن یارڈ میں پیر کے روزہسار۔تروپتی اسپیشل ٹرین اور رائل سیما ایکسپریس کے خالی کوچس میں آگ لگ گئی۔ ریلوے حکام کے مطابق آگ پر فوری طور پر قابو پا لیا گیا اور اسٹیشن سے روانہ ہونے یا وہاں پہنچنے والی کسی بھی ٹرین کی آمد و رفت میں کوئی خلل نہیں پڑا۔ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب خالی ہسار۔تروپتی اسپیشل ٹرین کو یارڈ میں لے جایا جا رہا تھا۔ شنٹنگ کے دوران ایک جنرل کوچ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جسے فوری طور پر دیگر کوچس سے علیحدہ کر دیا گیا۔ریلوے کے پی آر او کے مطابق، آگ کی لپیٹ میں دونوں ٹرینوں کے دو دو کوچس آ گئے، تاہم فائر بریگیڈ کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ بجھا دی۔ واقعہ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ واقعے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لئے تحقیقات جاری ہیں۔