لیفٹیننٹ گورنر کا جموںوکشمیرکے نوجوانوںسے تبدیلی کیلئے محرک بننے پر زور
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے جموں میں منعقدہ ’’وِکست بھارت کے رنگ۔ کلا کے سنگ‘‘ کے اِختتامی تقریب میں شرکت کی۔ اِس موقعہ پر اُنہوں نے سکول اور کالج کے طلبأ سے خطاب کیا۔ یہ رنگا رنگ آرٹ ورکشاپ اِندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار آرٹس (آئی جی این سی اے) اورصوبائی اِنتظامیہ جموں نے منعقد کیا تھا۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر کے ’’یووا شکتی‘‘ کو سراہتے ہوئے اَپنے خطاب کا آغاز کیا اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تبدیلی کے لئے ایک محرک کا کردار اَدا کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ تقریب منفرد اور خاص ہے اور نوجوانوں کو اَپنے خوابوں کے وِکست بھارت کا تصور کرنے اور اسے رنگنے کا موقعہ فراہم کرتی ہے۔اُنہوں نے کہا،’’ایک ترقی یافتہ ہندوستان صرف تصویروں میں نہیں بلکہ حقیقت میں بھی بنانا نوجوانوں کی ذِمہ داری ہے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور انہیں ضروری اور درکار وسائل فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔اُنہوں نے ’سیواپَرو‘ نوجوان آبادی کو مستقبل کے چیلنجوں کا مثبت سوچ کے ساتھ سامنا کرنے کے لئے تیار کر رہا ہے۔ تخلیقی اور تعمیری جذبہ انہیں مستقبل کے رہنما، موجداور معمار بنائے گا اور وہ ہندوستان کی ترقی کی رفتار کو تشکیل دیں گے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قائدانہ کردار اَدا کریں اور قوم کی تعمیر کے لئے واضح اہداف مقررکریں۔اُنہوں نے کہا،’’ہمارے نوجوان خوشحال مستقبل کی تشکیل، ثقافتی اَقدار کے تحفظ اور اختراع کو آگے بڑھانے کی کلید ہیں۔ ملک کو آگے بڑھانے کیلئے معاشرے کی ترقی و خوشحالی میں اَپنا رول ادا کرنے کی اُن پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔منوج سِنہا نے نوجوانوں اور معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ چوکنا رہیں اور ان تخریبی قوتوں کے خلاف متحد ہو جائیں جو ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔اُنہوںنے ’وِکست بھارت کے رنگ۔ کلا کے سنگ‘ پروگرام میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبأ کو اعزازات سے نوازا۔ اُنہوں نے اِس اَقدام کو باقاعدہ طور پر جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اِختتامی تقریب میں ممبرپارلیمنٹ جُگل کشور شرما، وائس چانسلر جموں یونیورسٹی پروفیسر اُومیش رائے ، صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار، آئی جی پی جموں بھیم سین توتی، ضلع ترقیاتی کمشنر جموں ڈاکٹر راکیش مِنہاس، ریجنل ڈائریکٹر آئی جی این سی اے شروتی اوستھی، سینئر اَفسران، مختلف تعلیمی اِداروں کے سربراہان اور بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی۔
منوج سنہا کی مہا اشٹمی پر ویشنو دیوی مندر میں پوجا
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کے روز مہا اشٹمی کے موقع پر جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی کے قصبہ کٹرہ کی ترکوٹہ پہاڑیوں میں واقع ویشنو دیوی مندر میں پوجا کی۔انہوں نے پوجا کے دوران تمام شہریوں کی خوشی، امن، خوشحالی اور اچھی صحت کے لیے پرارتھنا کی۔منوج سنہا نے اس پر مسرت موقع پر لوگوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں کہاکہ میں مہا اشٹمی کے پرمسرت موقع پر آپ سب کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ان کا پوسٹ میں کہنا تھا’’میں نےویشنو دیوی مندر میں پوجا کی اور تمام شہریوں کی خوشی، امن، خوشحالی اور اچھی صحت کے لیے پرارتھنا کی‘‘۔