عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//مرکزی زراعت اور کسانوں کی بہبود کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے پیر کو ترقی یافتہ زراعت سنکلپ ابھیان کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ترقی یافتہ زراعت اور خوشحال کسان ترقی یافتہ ہندوستان کے لیے ضروری ہیں۔مسٹر چوہان نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک گیر ‘ترقی یافتہ زراعت سنکلپ ابھیان’ 29 مئی سے شروع ہوگی اور 12 جون تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ‘لیب ٹو لینڈ’ کے وزیر اعظم نریندر مودی کے عزم کے مطابق تحقیق اور ٹیکنالوجی کے فوائد ملک بھر کے کسانوں تک پہنچائے جائیں گے ۔ یہ مہم ہر سال خریف اور ربیع دونوں فصلوں کی بوائی سے پہلے چلائی جائے گی۔ اس سال 2,170 ٹیمیں ملک بھر کے 65 ہزار سے زیادہ دیہاتوں میں کسانوں سے براہ راست رابطہ کریں گی۔انہوں نے کہا کہ ہر ٹیم میں کم از کم چار زرعی سائنسداں ہوں گے ۔ یہ ٹیمیں دیہات میں جا کر کسانوں کے مسائل حل کریں گی۔ یہ ایک اختراعی، اہم اور تخلیقی مہم ہے جس میں کسان اور سائنس دونوں شامل ہوں گے ۔ اس میں 731 زرعی سائنس مراکز اور انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ کے 113 اداروں کے سائنس داں-ماہرین سرگرمی سے حصہ لیں گے ۔ یہ مہم 723 اضلاع میں چلائی جائے گی۔ ہر ضلع کے لیے تین ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔ ان میں زراعت، باغبانی، مویشی پروری، ماہی پروری وغیرہ جیسے محکموں کے افسران، سائنسدان اور اختراعی کسان بھی شامل ہیں۔ مہم میں 1.30 کروڑ سے زیادہ کسانوں سے براہ راست رابطہ ہوگا۔