ہلال بخاری۔کنزر
بے شک محنت، لگن اور ایمانداری سے اپنے فرائض انجام دینے کا نام ہی زندگی ہے۔شائد اسی لئےکسی مہان شخص نے کیا خوب کہا ہے کہ کامیابی اگر دھونکے سے حاصل ہو تو اس سے بہتر وہ ناکامی ہے جو محنت سے حاصل ہوئی ہو۔ آج کل لوگ کامیاب ہونے کے لئے کیا نہیں کر لیتے ہیں لیکن اصل میں اگر ہمیں کامیابی کم بھی ملے، تواس بات کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے کہ ہم نہ کسی کے ساتھ دھونکہ کریںاور نہ خود کو دھونکہ دیں۔کیونکہ جو کامیابی محنت، کشمکش اور جدو جہد سے حاصل ہوتی ہے، وہی حقیقی کامیابی ہوتی ہے۔ آج کل ہر کوئی شارٹ کٹ کے تحت کامیاب ہونا چاہتا ہے،جس سے یہی ظاہرہوتا ہے کہ در اصل ان لوگوں میں جدوجہد اور صبر کرنے کی کمی ہوتی ہےجبکہ سچ یہی ہےکہ دنیا کے سب سے اعلیٰ اور عظیم کام جدوجہد کرنے والے صابر لوگ ہی انجام دیتے ہیں۔جو لوگ اس راز واقف ہوتے ہیں ، حقیقی کامیابی اُن ہی لوگوں کا مقدر بن جاتی ہے۔ جو صبر، لگن اور برداشت سے آشنا ہوں، وہی دنیا میں کامیابی کی راہیں پالیتے ہیں۔ ہمارے اکثر طلبا اپنی پڑھائی کے دوران مختلف طرح کے ایسے بے جا یا غلط اقدامات اٹھاتے ہیں جن سے وہ امتحانات میں کامیاب ہوسکیں۔ لیکن وہ اس بات سے ناواقف ہوتے ہیںکہ اصل کامیابی محض کسی امتحان کو پاس کرنا نہیں بلکہ کچھ سیکھ لینا ہوتا ہے۔ جب ہم میںعلم حاصل کرنے کی صحیح لگن ہوگی، تو حصول ِعلم ہمارے لئے صرف ایک وسیلہ نہیں بنے گا بلکہ ہمیں ایک خوبصورت منزل کی طرف عمر بھر محظوظ کرتا رہے گا۔
ایک سچے طالب علم کو یہ جان لینا چاہیے کہ کتاب اور اسکا رشتہ عمر بھر کا رشتہ ہے۔ اس کے دل میں یہ آرزو رَچ بس جانی چاہئے کہ تا حیات وہ کبھی اپنی کتابوں سے جدا نہ ہواورجووقتی طور پر کتابوں کے ساتھ رشتہ قائم کرتے ہیں، اُنہیں تو یہ کتابیں اس قابل بناسکتی ہیں کہ وہ دولت مند بن جائیں لیکن وہ اصل میں عالم کہلانے کے لائق نہیں ہوجاتےہیں
گویا ہمیں یہ جان لینا چاہیے کہ جدوجہد ہی زندگی کا اصل مقصد ہے۔ محنت ،کشمکش اور جدوجہد سے ناآشنا رہ کر انسان زندہ رہنے کا تصور توکر سکتا لیکن یہ نہیں سمجھ سکتا کہ جب تک انسان جدوجہد جدوجہد کرتا ہے تب تک اُس کی زندگی رواں دواں رہتی ہے۔ دریا اگر تھم جائے تو دریا نہیں رہے گا۔ جس زندگی میں جدوجہد نہ ہو، وہ موت سے بدتر ہے۔ جب انسان لگن، محنت اور کشمکش سے بیگانہ ہوجاتا ہے تو وہ ایک زندہ لاش کی طرح رہ جاتا ہے جبکہ ایک زندہ لاش سے مردہ ہی بہتر ہوتا ہے۔ گویا اس دنیا میں وہی کامیاب لوگ ہیں جو یہ راز جان گئے کہ اصل کامیابی جدوجہد ہی میں مضمر ہے۔
[email protected]