عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی //وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کے روز آندھرا پردیش کے کرنول میں 13,430 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح، سنگِ بنیاد اور قوم کے نام وقف کیا۔یہ منصوبے صنعت، بجلی کی ترسیل، سڑکیں، ریلوے، دفاعی صنعت، اور پٹرولیم و قدرتی گیس جیسے اہم شعبوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ہندوستان کی ترقی کی رفتار انتہائی تیز ہے، اور اسی رفتار کے ساتھ “وکست ہندوستان 2047” کا خواب ضرور پورا ہوگا، جب ملک آزادی کے 100 سال مکمل کرے گا۔مودی نے کہا کہ گزشتہ 16 ماہ میں ترقی کی گاڑی تیز رفتاری سے چل رہی ہے۔ ڈبل انجن والی حکومت نے زبردست ترقی کی ہے۔ آج دہلی اور امراؤتی دونوں تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔ جیسا کہ چندر بابو نائیڈو نے کہا، اس رفتار کو دیکھتے ہوئے 2047 میں آزادی کے 100 سال پورے ہونے پر وکست ہندوستان یقینی طور پر حقیقت بنے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ 21ویں صدی ہندوستان کی صدی ہوگی، یہ 140 کروڑ ہندوستانیوں کی صدی ہوگی۔مودی نے آندھرا پردیش کی تیز ترقی کا سہرا وزیر اعلیٰ چندر بابو نائیڈو اور ڈپٹی وزیر اعلیٰ پون کلیان کو دیتے ہوئے کہا کہ ریاست کے پاس اب درست وڑن اور مرکزی حکومت کی مکمل حمایت ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر آندھرا کو کسی چیز کی ضرورت تھی تو وہ صحیح وڑن اور قیادت تھی۔ آج چندر بابو نائیڈو اور پون کلیان گارو کی شکل میں آندھرا کے پاس وڑن بھی ہے اور مرکز کی پوری حمایت بھی۔ اس سے قبل، وزیر اعظم مودی نے نندیال ضلع کے سری بھرمامبا ملیکارجن سوامی ورلا دیوستھانم مندر میں پوجا اور درشن کیا، اور بعد میں سری شیواجی سپورتی کیندرا، سری سیلم کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے کڈپا ضلع میں اورواکال انڈسٹریل ایریا اور کوپارتھی انڈسٹریل ایریا کا سنگِ بنیاد بھی رکھا، جن پر 4,920 کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری ہوگی۔ یہa جدید کثیر شعبہ جاتی صنعتی مراکز نیشنل انڈسٹریل کوریڈور ڈیولپمنٹ اینڈ امپلیمنٹیشن ٹرسٹ اور آندھرا پردیش انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن کے اشتراک سے تیار کیے جا رہے ہیں۔ریلوے شعبے میں، وزیر اعظم مودی نے 1,200 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے کئی اہم منصوبے قوم کے نام وقف کیے۔ ان میں کوٹاوالاسا-وجیاناگڑم چوتھی ریلوے لائن اور پینڈرتی تا سمہاچلم نارتھ ریلوے فلائی اوور شامل ہیں۔ اسی کے ساتھ انہوں نے کوٹاوالاسا-بوداوارا سیکشن اور شیملی گوڈا گورا پور سیکشن کی ڈبلنگ لائن قوم کے نام وقف کی، جس سے ریلوے ٹریفک میں کمی، سفر میں تیزی اور حفاظت میں اضافہ ہوگا۔