ادھم پور۔سرینگر۔بارہمولہ ریلوے لنک کی تکمیل،کشمیر تا کنیاکماری رابطہ مکمل
پرامن پارلیمانی و اسمبلی چنائو کیلئے جموںوکشمیر کے لوگ مبارکبادی کے مستحق:مرمو
نئی دہلی//صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے دفعہ370کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر کی صورتحال میں تبدیلی آنے کادعویٰ کرتے ہوئے جمعہ کے روز کہاکہ کشمیر ریلوے لنک کی تکمیل حکومت کی ایک بڑی کامیابی ہے۔بجٹ سیشن کے آغاز کے موقع پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہاکہ دفعہ370کی منسوخی کے بعد جموں وکشمیر میں اہم تبدیلیاں آئی ہیں۔ پچھلے6مہینوں میں، حکومت نے مستقبل کا بنیادی ڈھانچہ تعمیر کرنے کیلئے ریکارڈ سرمایہ کاری کی ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ مجھے آپ کو یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ اودھم پور،سری نگر،بارہمولہ ریل لنک پروجیکٹ مکمل ہو گیا ہے اور اب ملک کو کشمیر سے کنیا کماری تک ریلوے کے ذریعے جوڑا جائے گا۔صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہاکہ اس منصوبے کے تحت دریائے چناب پر دنیا کا بلند ترین ریل پل تعمیر کیا گیا ہے۔صدر دروپدی مرمو نے وزارت ریلوے کی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ اْدھم پور،سری نگر، بارہمولہ ریل لنک پروجیکٹ مکمل ہو چکا ہے، جو کشمیر سے کنیا کماری تک ملک کو ریلوے لائن کے ذریعے جوڑتا ہے۔اس پرجوش منصوبے کے تحت چناب پل تعمیر کیا گیا ہے جو کہ دنیا کا بلند ترین ریلوے پل ہے۔ مزید برآں، ہندوستان کا پہلا ریل کیبل برج انجی کھڈپل مکمل ہو چکا ہے۔ صدر جمہوریہ نے یہ بھی کہا کہ ملک بھر میں 71وندے بھارت، امرت بھارت، اور نمو بھارت ٹرینیں چل رہی ہیں، جن میں گزشتہ6 ماہ میں17 نئی وندے بھارت ٹرینیں اور ایک نمو بھارت ٹرین شامل کی گئی ہے۔ دروپدی مرمو نے جمعہ کے روز کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام مبارکباد کے مستحق ہیں کیونکہ دفعہ 370کی منسوخی کے بعد ایک سازگار ماحول پیدا ہونے کے نتیجے میں وہاں لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات پُرامن طریقے سے منعقد ہوئے۔ صدر مرمو نے مزید کہا کہ بائیں بازو کی انتہا پسندی کے خاتمے کے آخری مرحلے کا آغاز ہو چکا ہے اور حکومتی کوششوں کے سبب اس خطرے سے متاثرہ اضلاع کی تعداد 126 سے کم ہو کر اب 38 رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا’’دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد، جموں و کشمیر میں ترقی کے لیے ایک سازگار ماحول پیدا ہوا ہے۔ لوک سبھا اور ودھان سبھا انتخابات جموں و کشمیر میں پُرامن طریقے سے منعقد ہوئے۔ اس کامیابی پر جموں و کشمیر کے عوام مبارکباد کے مستحق ہیں‘‘۔قومی سلامتی پر بات کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ حکومت نے ملک کی سرحدوں کی حفاظت اور داخلی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تاریخی اقدامات کیے ہیں۔انہوں نے دفاعی شعبے میں ہونے والی پیش رفت پر بھی بات کی۔ صدر مرمو نے کہا کہ حکومت دفاعی شعبے میں میک ان انڈیا سے میک فار دی ورلڈکی طرف بڑھ گئی ہے۔