راجوری //بھاجپا کے سینئر لیڈرو ممبر قانون ساز کونسل ایڈووکیٹ وبودھ گپتا نے سرحدی علاقوں کے عوام کے مسائل سننے کیلئے بال ، ڈھانگری ، گنی اور سرانو وغیرہ کا دورہ کیا۔اس موقعہ پر مقامی لوگوں نے بتایاکہ انہیں پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے سخت مشکلات کاسامناہے جبکہ کئی مزدوروںنے شکایت کی کہ انہیں منریگا کے تحت ہوئے کاموںکی اجرت نہیں دی جارہی ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ انہیں ہر طرح سے نظرانداز کیاگیاہے اور بنیادی سہولیات بھی دستیاب نہیں ہیں ۔اس دوران گپتا نے رام نومی کے موقعہ پر سبھی کومبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ خطوں اور طبقوںکے درمیان دوریوںکا خاتمہ ترقی کیلئے لازمی ہے ۔انہوںنے کہاکہ موجودہ مخلوط حکومت ہر ایک خطے اور طبقہ کی ترقی کی وعدہ بند ہے اور مرکزی معاونت والی سکیموں کی مدد سے لوگوں کے کام کئے جارہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ حکومت عوام کے مسائل سے بخوبی واقف ہے اور انہیں مرحلہ وار طریقہ سے حل کیاجارہاہے ۔انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم کے ہاتھوں چنینی ناشری ٹنل کا افتتاح ریاست کی ترقی کیلئے ایک نیاسنگ میل ہے اورنریندر مودی نے بجاکہاہے کہ نوجوانوںکو دہشت گردی پر نہیں بلکہ سیاحت پر توجہ دینی چاہئے ۔