فرید آباد (ہریانہ)// مودی حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے معیشت کے تعلق سے جاری بحث کے دوران وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے اپنے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ ملک کی ترقی کا مطالبہ کرتے ہیں انہیں اس میںخود ہی تعاون کرنا چاہئے اور ایمانداری کے ساتھ ٹیکس کی ادائیگی کرنی چاہئے ۔مسٹر جیٹلی نے آج یہاں نیشنل اکیڈمی آف کسٹمس اکسائز اینڈ نارکوٹکس کے یوم قیام کے موقع پراورانڈین ریونیوآفیسر کے 67ویں بیچ کے الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کسی بھی ملک کو چلانے کے لئے ٹیکس ضروری ہے اور اس آمدنی کے حصول کے بعد ہی ہندوستان ترقی پزیر ممالک سے ترقی یافتہ معیشت بن سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے معاشرے میں جہاں لوگ ٹیکس کی ادائیگی کو اہمیت نہیں دیتے ہیں لیکن وقت بدلنے کے ساتھ اب لوگوںکی ذہنیت تبدیل ہورہی ہے اور وہ یہ محسوس کرنے لگے ہیں کہ ٹیکس کی ادائیگی کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وجہ سے اب ہر قسم کے ٹیکس کوضم کرنے کی ضرورت ہے ۔ اگر ٹیکس کے ڈھانچے میں ایک بار تبدیلی کر دی جاتی ہے تو بہتری کے مکانات میں اضافہ ہوجاتا ہے ۔ وزیرخزانہ نے ٹیکس کی ادائیگی کے لئے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس کے معاملے میں کسی طرح کی کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہئے ۔ ٹیکس حکام کو اس کے لئے سختی سے کام کرنا چاہئے اور جو افراد ٹیکس کی ادائیگی نہیں کر رہے ہیں ان کی ادائیگی کو یقینی بنایا جانا چاہئے لیکن جو لوگ ٹیکس کے دائرے میں نہیں آتے ان پر غیر ضروری بوجھ بھی نہیں ڈالا جانا چاہئے مسٹر جیٹلی ے کہا کہ جب ملک کی معیشت بڑھ رہی ہے تو لوگوں پر بالواسطہ ٹیکس کا بوجھ زیادہ ہو گیا ہے ۔ ڈائرکٹ ٹیکس معاشرے کے کے امرائدیتے ہیں جبکہ بالواسطہ ٹیکس ہر کسی کے لئے بوجھ ہے ۔ لہذا ہم اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ اپنی مالی پالیسی میں بنیادی چیزوں پر کم سے کم ٹیکس رکھیں۔انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والے افسران کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت تھا جب سول سروس کے افسر ان کو اعلی طبقہ کا سمجھا جاتا تھا لیکن اب اس خیال میں کافی تبدیلی آ گئی ہے اور وہ سسٹم میں بہتری لانے اور اپنی خود احتسابی کے تئیں مصروف عمل ہیں۔وزیر خزانہ نے ان افسران کو یہ مشورہ بھی دیا کہ وہ اپنا طرز عمل مناسب رکھیں اور ایک صحیح نقطہ نظر اختیار کرتے ہوئے اپنی غیرجانبداری برقرار رکھیں۔مسٹر جیٹلی نے اپنی تقریر میں سابق وزیر خزانہ یشونت سنہا کا نام کہیں نہیں لیا لیکن انہوں نے مسٹر سنہا کی طرف سے اٹھائے گئے سوالات کا بالواسطہ جواب بھی دے دیا کہ ملک کی معیشت کو بہتر بنانے کے لئے ٹیکس ادا کیا جانا چاہئے اور ٹیکس نظام کو بہتر بنانا کتنا ضروری ہے ۔یو این آئی۔