ترقی و خوشحالی کیلئے امن لازمی: وزیر اعلیٰ

Kashmir Uzma News Desk
4 Min Read
 جوالا پورہ( بڈگام)//ترقی وخوشحالی کے لئے امن وامان کو لازمی قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ ریاست کو آئین کی طرف سے جو خصوصی درجہ حاصل ہے، اُسے ہر لحاظ سے محفوظ رکھنے کی ضرورت ہے۔رندکداجی۔ جوالا پورہ۔ غفار آباد سڑک کا افتتاح کرنے کے بعد ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی اسمبلی کودیگر ریاستوں کے مقابلہ میں بہت زیادہ اختیارات حاصل ہیں۔انہوں نے سماج کے ہر فرد سے اپیل کی کہ وہ ریاست کو حاصل خصوصی درجے کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔حالیہ جی ایس ٹی کو ریاستی اسمبلی میں منظوری حاصل کرنے کے عمل کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت نے اس سلسلے میں اپنا قانون مرتب کیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں ایل او سی کے ساتھ تاریخی شاہراؤں کے کھلنے ، طُلباء، فنکاروں اور دیگر لوگوں کے آنے جانے سے ریاست میں یقینا پائیدار امن قائم ہوگا۔امن و امان کو ترقی و خوشحالی کے لئے بے حد ضروری قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے اس سال کئی ترقیاتی پروگراموں کی شروعات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاص کر ایسے علاقوں جہاں اب تک کوئی ایسا پروجیکٹ ہاتھ میں نہیں لیا گیا ہے، پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے اپنے خطاب میں کہا کہ جو پروجیکٹ ہاتھ میں لئے گئے ہیں وہ معیاد بند طریقے پر تشکیل دیئے گئے ہیں اور اُن کے لئے رقومات کی کوئی کمی نہیں ہے۔ایم ایل سی سیف الدین بٹ نے بھی اجتماع سے خطاب کیا۔بعد میں وزیر اعلیٰ نے کھاگ کا بھی دورہ کیا اور وہاں10 کلو میٹر کھاگ۔ آری پنتھن سڑک کے اپگریڈیشن  پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔اس پروجیکٹ پر13 کروڑ8 لاکھ روپے صرف ہونے کی توقع ہے جسے اگلے سال مکمل کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے کھاگ میں ماڈرن ہیلتھ سینٹر کا بھی سنگ بنیاد رکھا جسے گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر 5.28 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کرے گا۔وزیر صحت و طبی تعلیم بالی بھگت، وزیر مملکت صحت و طبی تعلیم آسیہ نقاش، پرنسپل جی ایم سی سرینگر اور دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔اس سے قبل وزیر اعلیٰ نے ماگام کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نئے تعمیر شدہ ڈگری کالج کا افتتاح کیا۔ یہ کالج9.83 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے اوراس کالج میں1500 طلاب زیر تعلیم ہیں۔محبوبہ مفتی نے کالج کی دیوار بندی اور لینڈ سکیپنگ کی ہدایات دیں۔ انہوں نے طلباء کے ساتھ بات چیت کی جنہوں نے اپنے درپیش مسائل وزیر اعلیٰ کے سامنے پیش کئے۔وزیر اعلیٰ نے مطالبات کے رد عمل میں ہدایت دی کہ کالج میں میوزک، سائنس اور کامرس کے مضامین پڑھانے، آڈیٹوریم کی تعمیر اور کھیل کود کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ایم ایل اے گلمرگ محمد عباس وانی بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *