عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کہا کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے صدر دروپدی مرمو کے خطاب نے ترقی اور اچھی حکمرانی کا روڈ میپ پیش کیا۔مودی نے ایکس پر ایک پوسٹ شیٔر کی اور صدر کے خطاب کو جامع قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ اس میں ہندوستان کی ترقی اور آگے کی صلاحیتوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔انہوںنے کہا’’راشٹرپتی کا پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے خطاب جامع تھا اور اس نے ترقی اور اچھی حکمرانی کا روڈ میپ پیش کیا۔ اس میں ہندوستان کی جانب سے کی جانے والی پیشرفت کا احاطہ کیا گیا اور ان امکانات کا بھی احاطہ کیا گیا ہے جو آگے ہیں۔ اس کے خطاب میں کچھ بڑے چیلنجوں کا بھی تذکرہ کیا گیا جن پر ہمیں اپنے شہریوں کی زندگیوں میں معیاری تبدیلی کو یقینی بنانے کے لیے اجتماعی طور پر قابو پانا ہے‘‘۔مرکزی وزیر جینت چودھری نے کہا کہ صدر جمہوریہ نے یکجہتی کا پیغام دیا، ملک کو آگے لے جانے کا اور ہم اسے 2047 تک ترقی یافتہ ملک کیسے بنا سکتے ہیں۔انہوںنے کہا’’یہ ایک بہت اچھا، مثبت پیغام ہے اور یہ ایک خاص موقع ہے۔
صدر نے ہمیں یکجہتی کا پیغام دیا، ملک کو آگے لے جانے کا اور ہم اسے 2047 تک ایک ترقی یافتہ ملک کیسے بنا سکتے ہیں۔ ایک واضح وژن اور ایک واضح راستہ ہے جو انہوں نے طے کیا۔ ہمارے جمہوری ادارے مضبوط ہیں۔ ہمیں ان پر فخر ہے۔ ہمیں ان پر بھروسہ ہے‘‘۔مرکزی وزیر نے مزید کہا’’اس نے الیکشن کمیشن کے بہترین کردار کے بارے میں بات کی، جس طرح سے عام لوگ باہر نکلے اور ووٹ ڈالے، جس طرح سے خواتین نے آکر اپنے مستقبل کا فیصلہ کیا اور ایک حکومت اور اپنی پسند کے نمائندے کو ووٹ دیا‘‘۔مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے نے کہا ’’صدر کے خطاب میں حکومت کے فیصلوں کا ذکر ہے۔ نئی اسکیمیں بجٹ کے ذریعے آئیں گی لیکن اپوزیشن کی تنقید کا کوئی مطلب نہیں۔ صدر کا خطاب اچھا تھا، اپوزیشن کے الزامات میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔قبل ازیں صدر مرمو نے جمعرات کو قوم کو یقین دلایا کہ آئندہ پارلیمنٹ کے اجلاسوں میں مرکزی بجٹ کے دوران اہم اقتصادی اور سماجی فیصلوں اور تاریخی اقدامات کا اعلان کیا جائے گا۔ملک میں چھ دہائیوں کے بعد مکمل اکثریت کے ساتھ ایک مستحکم حکومت قائم ہوئی ہے۔ عوام نے تیسری بار اس حکومت پر اعتماد ظاہر کیا ہے۔ عوام جان چکے ہیں کہ ان کی خواہشات صرف یہ حکومت ہی پوری کر سکتی ہے۔