داخلی سلامتی اور ترقیاتی منصوبوں کا اعلیٰ سطحی میٹنگ میں جائزہ
سرینگر// مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ مرکزی سرکار کی اولین ترجیح ریاست کی تعمیر و ترقی اور اچھی حکمرانی فراہم کرنے پر ہے تاکہ ایک ترقی یافتہ اور خوشحال ریاست کا خواب امن اور نارملسی سے شرمندہ تعبیر ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کا پختہ عزم ہے کہ ریاست میں ایک دیانتدار اور موثر انتظامیہ کے ذریعہ امن، استحکام اور خوشحالی لائی جائے۔ وادی کے دو روزہ دورے کے دوران راجناتھ سنگھ نے دوسرے دن ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں ریاست کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اپنے سات سلسلہ وار ٹویٹس میں کیا۔ انہوں نے کہا ’جموں وکشمیر میں گورنر اور ریاستی انتظامیہ کے ساتھ ایک میٹنگ میں ریاست کی صورتحال کا جائزہ لیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا‘۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ایک ترقی یافتہ اور خوشحال جموں وکشمیر کا خواب صرف امن اور نارملسی سے شرمندہ تعبیر ہوگا۔ اُن کا ٹویٹ میں کہنا تھا ’ایک ترقی یافتہ اور خوشحال جموں وکشمیر کا خواب اُس وقت پورا ہوگا جب ریاست میں امن اور نارملسی کی بحالی ہوگی‘۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ایک دیانتدار اور موثر انتظامیہ کے ذریعہ ریاست میں امن، استحکام اور خوشحالی لانا مرکزی حکومت کا پختہ عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے عام لوگوں کے لئے ترقی اور اچھی حکمرانی ایک خواب بن کر رہ گئی تھی۔ راجناتھ نے کہا کہ مرکزی حکومت نظام میں احتساب ، شفافیت اور اچھی حکمرانی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن قدم اٹھانے کا عزم رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت اچھی حکمرانی اور ترقی کی بدولت اہلیان ریاست میں نئی خواہشات اور امیدیں پیدا کرنے کا کام کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسائل کا حل لوگوں کو بااختیار بنانے اور مقامی خود حکمرانی کے اداروں کو مستحکم بنانے میں پنہاں ہے۔ راجناتھ نے جمعرات کو یہاں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں ریاست میں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں اور مجموعی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ تاہم وزیر داخلہ وادی میں ناسازگار موسم کی وجہ سے امرناتھ گھپا میں حاضری نہیں دے پائے۔ راج ناتھ سنگھ نے جمعرات کو سرینگر میں ایک اعلیٰ سطحٰ سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی،جس کے دوران سالانہ امرناتھ یاترا کے علاوہ ریاست کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں قومی سلامتی کے مشیراجیت کمارڈوئول ،مرکزی داخلہ سیکرٹری راجیوگوبا،ریاستی گورنراین این ووہرا،ریاستی چیف سیکرٹری ،مرکزی وزرات داخلہ کے جوائنٹ سیکرٹری برائے جموں وکشمیرگنیش کمار،فوج ،فورسز،جموں وکشمیرپولیس اورمختلف سراغ رساں وخفیہ اداروں کے اعلیٰ افسران بھی موجودتھے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اہم ترین سیکورٹی جائزہ میٹنگ کے دورا ن جنگجوئیانہ وعلیحدگی پسندانہ سرگرمیوں ،جنگجومخالف کارروائیوں ،نوجوانوں کے جنگجوگروپوں میں شامل ہونے کے رُجحان ،سنگباری کے واقعات اوردراندازی کی کوششوں کے بارے میں تبادلہ خیال ہوا،اوراس دوران مختلف سیکورٹی وخفیہ ایجنسیوں کے افسروں نے پُرتشدد واقعات اورعلیحدگی پسندانہ سرگرمیوں کے بارے میں مرکزی وزیرداخلہ کے سامنے خاکہ پیش کیا۔ ذرائع نے مزید بتایا ’’میٹنگ کے دوران وزیر داخلہ نے جموں کشمیر مین سیکورٹی انتظامات کی رپورٹ طلب کی،جبکہ مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے افسران نے امن و قانون کو بنائے رکھنے کیلئے اٹھائے گئے اقدمات کے بارے میں جانکاری فراہم کی‘‘۔میٹنگ کے دوران ریاستی گورنر نریندر ناتھ ووہرا نے وزیر داخلہ کو ریاست میں مختلف پروجیکٹوں پر جاری کام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ گورنر نے وزیر داخلہ کو موجودہ سیکورٹی صورتحال کے بارے میں بھی تفصیلی طور آگاہ کیا‘۔