سرینگر//ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ نے کل آفیسران کی ایک ٹیم کے ہمراہ پائین شہر کے ایم آر گنج کا دورہ کیا اور وہاں پرائمری ہیلتھ سینٹر کی عمارت کی تعمیرنو کے مجوزہ کام کاجائز ہ لیا۔ترقیاتی کمشنر کا پائین شہر کا یہ دورہ علاقے کے لوگوں کے مسائل اورمعاملات کا موقعہ پر ہی جائزہ لینے کی ایک کڑی کے تحت تھا۔اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ انٹیک کے ماہرین کی ایک ٹیم ہیلتھ سینٹر کی ہیرٹیج عمارت کی طرز تعمیر کاجائزہ لے گی تاکہ عمارت کو اسی طرز پر دوربار ہ تعمیر کیاجاسکے اور وراثتی تقاضوں کوملحوظ نظر رکھاجاسکے۔ترقیاتی کمشنر نے مقامی لوگوںسے اپیل کی ہے کہ وہ مسائل اور معاملات کے حل کے لئے ضلع انتظامیہ کے ساتھ تعائون کریں۔انہوںنے کہا کہ انتظامیہ لوگوں کے مسائل سے بخوبی واقف ہے اور ان مسائل کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔اس موقعہ پر بیوپار منڈل کے نمائندوں نے ترقیاتی کمشنر کو ٹرانسپورٹ اوردیگر مسائل سے آگاہ کیا۔جس کے ردعمل میں ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ ان مسائل کے حل کے لئے وہ عنقریب ہی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ طلب کریںگے۔ترقیاتی کمشنر کے ہمراہ ناظم صحت،چیف انجینئر آر اینڈ بی اورمتعلقہ تحصیلدار کے علاوہ دیگر آفیسران بھی تھے۔