سرینگر// ڈپٹی کمشنر سری نگر محمد اعجاز اسد نے جمعہ کو شہر کے مختلف علاقوں کا ایک وسیع دورہ کیا اور پانتہچھوک ، ایچ ایم ٹی، میرگنڈ، بمنہ اور دیگر علاقوں میں جاری مختلف جاری بڑے پروجیکٹوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ پانتہ چھوک میں ڈپٹی کمشنر نے لسجن بائی پاس پر فلائی اوور اور پانتہ چھوک کے قریب ہائی وے پر سلپ روڈ کی تعمیر کے کاموں کی رفتار کا معائنہ کیا۔انہوںنے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ اگلے پانچ دنوں کے اندر منصوبے کے راستے میں تمام تعمیرات اور رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔ انہوں نے ایگزیکٹیو انجینئر PDD کو سات دنوں کے اندر سروس روڈ کی الائنمنٹ میں یوٹیلیٹیز کی شفٹنگ کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ڈی سی نے گرودوارہ کے قریب ایچ ایم ٹی کا بھی دورہ کیا تاکہ پارمپورہ نالہ بل سڑک کو چوڑا کرنے کے کام کی پیش رفت کا معائنہ کیا جا سکے۔ اسی طرح انہوں نے میرگنڈ کا بھی دورہ کیا اور سری نگر-بارہمولہ سڑک کو ڈبل لین کوتوسیع کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔دونوں جگہوں پرڈی سی نے متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت کی کہ وہ کام کی پیشرفت کو تیز کرنے اور پروجیکٹوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کے لیے مزید افراد اور مشینری کو شامل کریں تاکہ وہ مقررہ وقت میں مکمل ہوں۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے بمنہ کا دورہ کیا تاکہ میڈی سٹی کے قیام کے لیے 750 کنال اراضی انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ کو منتقل کرنے کے عمل کی نگرانی کی جا سکے۔ ڈی سی نے متعلقہ تحصیلدار سے کہا کہ وہ شناخت شدہ اراضی کی حد بندی مکمل کریں اور اراضی کی منتقلی کے عمل کو جلد از جلد مکمل کریں۔