اننت ناگ//ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ خالد جہانگیر نے سپورٹس اسٹیڈیم اننت ناگ میں ضلع سطح پر انٹربلاک کھیل مقابلوں کا افتتاح کیا جس کا اہتمام کھیل برائے امن وترقی کی پہل کے تحت کیا گیا۔تقریب کا انعقاد یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس اننت ناگ نے ضلع انتظامیہ کے اشتراک سے کیا ہے۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میں ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ کھیل سرگرمیاں طلبأ کی مجموعی شخصیت کو نکھارنے میں اہم رول ادا کررہی ہیں۔انہوںنے کہا کہ زندگی میں تعلیمی سرگرمیوںکے ساتھ ساتھ کھیل سرگرمیاں بھی انتہائی اہم ہیں۔ترقیاتی کمشنر نے تمام فیزیکل ٹیچروں کو اپنے متعلقہ کھیل میدانوں میں موجود رہے پر زوردیا تاکہ بہتر کھیل کے لئے ایک سازگار ماحول یقینی بن سکے۔ترقیاتی کمشنر نے اس سلسلے میں ضلع کولگام کے 17سالہ راسخ سلام کی مثال پیش کی جو کہ ممبئی انڈینز میں آئی پی ایل 2019ء میں شامل ہے۔اس سے قبل یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس آفیسر اننت ناگ نے ترقیاتی کمشنر کا خیر مقدم کرتے ہوئے ضلع میں محکمہ کی حصولیابیوں کواُجاگر کیا۔