سرینگر//وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی نے ریاست میں ہاتھ میں لئے گئے ترقیاتی پروجیکٹوں کے مختلف مراحل کا جائزہ لینے،رقومات کی دستیابی اور معیار کی بہتری کو یقینی بنانے کے لئے ایک پروجیکٹ مانیٹرنگ نظام وجود میں لانے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیرا علیٰ نے ان خیالات کا اظہار سرینگر میں ریاست کے کئی بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کی غرض سے منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ مونیٹرنگ نظام کی بدولت پروجیکٹوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ صرف اخراجات میں اضافہ ہونے کا نہیں بلکہ یہ سماجی اعتباریت کا سوال ہے۔انہوں نے ہدایت دی کہ ترقیاتی پروجیکٹو ں کو معیاد بند مدت کے اندر مکمل کرنے کی طرف خصوصی توجہ دی جانی چاہئے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پروجیکٹوں کی عمل آوری کے لئے مقرر کردہ معیاد کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ اس پروجیکٹ کے لئے رقومات کی دستیابی کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیا جاناچاہئے تاکہ کوئی بھی پروجیکٹ رقومات کی عدم دستیابی کی بنا پر آدھے راستے میں بھی نہ رُک جائے۔میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ اس وقت ریاست میں پولیس ہاوسنگ کارپوریشن 492کروڑ روپے کی لاگت سے 195 پروجیکٹ عملا رہی ہے۔اس موقعہ پر مزید بتایا گیا کہ کارپوریشن نے وجود میں آنے سے لے کر اب تک ریاست میں 2461 کروڑ روپے کی لاگت سے 607پروجیکٹ مکمل کئے ہیں۔جو پروجیکٹ اس وقت تکمیل کے مختلف مراحل سے گزر رہے ہیں ان میں چاڈورہ ، ماگام ، مکہامہ ،ڈورو ، ادھمپور ، رام بن، کٹھوعہ اور ریاست کے دیگر مقامات پر صحت سہولیات قائم کرنا بھی شامل ہے۔