سرینگر //ریاستی گورنر این این ووہرا نے کمشنر سیکریٹریوں کو عوامی بہبود کے پروجیکٹوں پر جاری کام کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ لا پرواہی برتنے والے افسران کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ذرائع نے کہا کہ نگورنر نے مختلف محکموں کے سیکرٹریوں کو ہدایات دی ہیں کہ وہ ریاست میں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں پر جاری کام کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کریں تاکہ ریاستی عوام ان سے مستفید ہوں۔ اس موقعہ پر گورنر نے افسران پر واضح کیا کہ ان کی کارکردگی کو رقومات کے صحیح تصرف کے عین مطابق جانچا جائے گا۔ گورنر نے واضح کردیا کہ خواتین اور بچوں سے متعلق سرکاری اسکیموں کی عمل آوری میں جو بھی سرکاری اہلکار غفلت کا مظاہرہ کرے گا اُسے حکومت کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کرے گی۔ گورنر نے کہا کہ عوامی پروجیکٹوں پر جاری جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے ریاستی حکومت وعدہ بند ہے اور اس سلسلے میں افسران کی جانب سے کسی بھی طرح کی لاپرواہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ گورنر نے سیکریٹریوں کو خصوصی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری اسکیموں کو زمینی سطح پر بہتر ڈھنگ سے عملانے اور لوگوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے کہ سیکرٹریز، سپروائزر افسران سے لے کر بلاک سطح تک کے افسران زمینی سطح پر جائزہ لیں تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ذرائع نے بتایا کہ گورنر نے افسران کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی اداروں کے اندر کورپشن کو کسی بھی سطح پر برداشت نہیں کیا جائے گا اور جس کسی کو بھی اس معاملے میں ملوث پایا جائے گا اُس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ گورنر نے بتایا کہ جو افسران بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے میں رکاوٹ ثابت ہوں گے اور اپنی ذمہ داریوں میں لاپرواہی کا مظاہرہ کریں گے اُن کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس موقعہ پر گورنر نے بہتر انتظامیہ کی فراہمی کے لیے تعاون طلب کرتے ہوئے بتایا کہ جب سبھی ادارے اور افسران ایک دوسرے کے ساتھ مربوط طریقے سے جڑے ہوئے ہوں گے اور تن دہی سے اپنا فرض ادا کریں گے تب ہی ممکن ہے کہ زمینی سطح پر بہتر انتظامیہ کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔اس موقعہ پر گورنر نے مختلف محکمہ جات کے سربراہوں سے سرکاری اسکیموں کی عمل آوری سے متعلق رپورٹ طلب کی ۔گورنر نے واضح کیا کہ مختلف مقامات سے پروجیکٹوں پر کام کی سست رفتار کے حوالے سے شکایات موصول ہورہی ہیں جس کے تدارک کے لیے افسران کو مربوط طریقے اور تن دہی سے کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ زمینی سطح پر سرکار کی کارکردگی کو محسوس کیا جائے۔