کابینہ وزراء کو تفویض کردہ محکموں کی فعال نگرانی کی ہدایت ، چیف منسٹر آفس براہ راست دیگر محکموں کا جائزہ لینا شروع کر دے گا
سرینگر// جموں و کشمیر کے وزیر اعلی عمر عبداللہ نے یہاں سول سیکرٹریٹ میں کئی محکموں کی ایک عمومی لیکن اہم جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ کے دوران وزیر اعلیٰ نے جموں و کشمیر کے ترقیاتی منظر نامے کا جائزہ لیا جبکہ مختلف سرکاری محکموں کی کارکردگی اور پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ چیف منسٹر نے اپنے کام کاج میں شفافیت اور جوابدہی کے لئے حکومت کے عزم پر زور دیا۔نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری سمیت دیگر کابینہ وزراء سکینہ ایتو،جاوید احمد رانا، جاوید احمد ڈار، ستیش شرما کے علاوہ وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، چیف سیکرٹری اتل ڈلو اور انتظامی سیکرٹریز بھی میٹنگ میں موجود تھے۔چیف سکریٹری اتل ڈلو نے ایک تفصیلی بریفنگ پیش کی، جس میں مختلف محکموں کی نمایاں کامیابیوں، جاری پروجیکٹوں کی موجودہ صورتحال اور تکمیل کی آخری تاریخ پر روشنی ڈالی۔میٹنگ کے دوران گفت و شنید میں حکمرانی کو بہتر بنانے اور جموں و کشمیر میں خدمات کی فراہمی کو بڑھانے کے لیے مستقبل کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے ڈیڈ لائن پر عمل کرنے کی ضرورت کا اعادہ کیا اور اپنے کابینہ کے ساتھیوں پر زور دیا کہ وہ انہیں تفویض کردہ محکموں کی فعال نگرانی اور جائزہ لیں۔انہوں نے کہا کہ “جائزے ہمیں اس بات کی واضح تفہیم فراہم کریں گے کہ ہم کہاں کھڑے ہیں اور مثبت طریقے سے آگے بڑھنے میں ہماری مدد کریں گے۔”عمر عبداللہ نے اعلان کیا کہ ان کا دفتر سرکاری کاموں کی جامع نگرانی کو یقینی بناتے ہوئے اپنے دائرہ کار میں براہ راست دیگر محکموں کا جائزہ لینا شروع کر دے گا۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ “حکومت ایک شفاف اور جوابدہ انتظامیہ کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے، اور یہ ضروری ہے کہ ہر محکمہ ترقی کے ثمرات کو نچلی سطح تک پہنچانے کے لیے متحد ہو کر کام کرے۔”