ترال//ترال میں عید سے قبل لاپتہ ہوا نوجوان جنگجوئوں کی صف میں شامل ہوگیا ہے ۔نوجوان کی تصویر جمعرات کو ہاتھ میں بندوق تھامے ہوئے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔ پولیس نے واقعے کے حوالے سے تحقیقات شروع کردی ہے۔ قصبہ ترال سے آٹھ کلومیٹر دور ہاری پاری گام گائوں سے تعلق رکھنے والے 22سالہ نوجوان محمد شارق وانی ولد گل محمد وانی عید الفطر سے دو روز قبل لاپتہ ہوا ۔ افراد خانہ نے ان کے غائب ہونے سے آج تک اسے تمام ممکنہ جگہوں پرتلاش کیا تاہم انہیں کوئی سراغ نہیں ملا۔ ایک قریبی رشتہ دار کے مطابق جمعرات کو افردخانہ اس وقت ششدر رہ گئے جب کسی نے انہیں یہ اطلاع دی کہ شارق کی ہاتھ میں بندوق والی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ 22سالہ محمد شارق لیبارٹری ٹیکنالوجی میں ڈگری کر رہا تھااور عید سے دو روز قبل گھر سے نکل کر لاپتہ ہوا۔فورسز کو شبہ ہے کہ مزکورہ نوجوان جیش محمد کے ساتھ وابستہ ہوا ہے ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ انہوں نے بھی تصویر سوشل میڈیا پر دیکھی ہے جس کے بعد اپنی جانب سے تحقیقات شروع کر دی ہے۔