عظمیٰ نیوز سروس
پلوامہ//ترال میں پولیس نے2 افراد کو گرفتار کیا ہے جو خودکو پولیس افسر ظاہر کر کے عام لوگوں سے پیسے بٹور رہے تھے۔ یہ گرفتاریاں ترال کے نگین پورہ کے رہنے والے محمد الطاف گنائی کی شکایت کے بعد کی گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت بشیر جمال شیخ ساکن سیموہ اور شفیع نبی ڈار ساکن ڈاڈسرہ کے نام سے ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق یہ دونوں افرادغیر مشکوک شہریوں کو نشانہ بنا رہے تھے، پولیس اتھارٹی کا جھوٹا دعویٰ کر رہے تھے اور مختلف بہانوں سے رقم کا مطالبہ کر تے تھے۔پولیس ذرائع نے انکشاف کیا کہ متعدد متاثرین سامنے آئے تھے، جنہوں نے ایسے واقعات کی اطلاع دی تھی جہاں انہیں قانونی کارروائی کے خوف کے تحت رقم کی ادائیگی پر مجبور کیا گیا تھا۔معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ترال پولیس نے متعلقہ قانونی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کیا اور مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔دونوں افراد اس وقت حراست میں ہیں اور ان پر نقالی، دھوکہ دہی اور بھتہ خوری سے متعلق متعدد الزامات کا سامنا ہے۔دریں اثنا، پولیس نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ چوکس رہیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں۔ ایک پولیس ترجمان نے کہاکہ جائز افسران کبھی بھی عوام سے کسی بھی حالت میں رقم کا مطالبہ نہیں کرتے۔