سید اعجاز
ترال//قصبہ ترال سے قریب7کلو میٹر دور کنگہ لورہ گائوں میں جمعہ کی شام اس وقت افر تفری کا ماحول پیدا ہوا جب علاقے میں ایک 75سالہ سکھ شہری کی لاش پر اسرار حالت میں کھیت سے برآمد کی گئی ۔محکمہ پی ڈی ڈی سے کئی سال قبل بطور ڈرائیور سبکدوش ہوئے75سالہ کرن سنگھ ولد آیا سنگھ سہ پہر بعد گھر سے نزدیکی کھیت میں گھاس لانے کے غرض سے نکلا اور شام تک واپس نہیں آیا۔
گائوں جنگل کے دامن میں واقعہ ہے جہاں جنگلی جانوروں کا خطرہ ہمیشہ رہتا ہے اور اس ڈر کی وجہ سے افرادخانہ نے گائوں کے باقی لوگوں کو بتایا کہ کرن سنگھ کھیت پر گیا اور واپس نہیں آیا ہے ۔اس دوران گائوں کے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد بشمول موصوف کے رشتہ دار بھی انہیں تلاش کرنے کیلئے نکلے۔ انہوں نے مذکورہ شہری کو مردہ حالت میں پایا، جس کے جسم پر گھاس ڈالی گئی تھی، جس سے اس واقعہ کے بارے میں خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو فون پر بتایا کہ لاش پر کسی قسم کا کوئی نشان نہیں ہے۔اسکے چار بچے ہیں جن میں ایک پرائیوٹ کام کرتا ہے جبکہ دوسرا بیٹا ریٹائرڈ فوجی ہے۔ اس کے علاوہ 2 بیٹاں ہیں، جن کی شادی ہوچکی ہے ۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں زبردست افرا تفری پھیل گئی۔ واقعہ کے فوراً بعد ترال پولیس کی ایک ٹیم یہاں پہنچی ، جنہوں نے فارنسک ٹیم کو بھی بلایا جنہوں نمونے حاصل کئے۔پولیس نے کہا کہ ہر زوایہ سے پولیس واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے ۔جائے موقعے پر موجود پولیس نے بتایا پوسٹ مارٹم اور باقی چیزوں کو دیکھنے اور جائزہ لینے کے بعد صورتحال واضح ہوجائیگی۔پولیس نے کہا کہ یہ قدرتی موت بھی ہوسکتی ہے ، تاہم ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔