ترال //حزب کمانڈربرہان وانی کے علاقہ شریف آباد میں فوج نے پانچ نوجوانوں کو انسانی ڈھال بنا کر پہلے اُن کے بال کاٹے اور اُس کے بعد اُن کی شدید مار پیٹ کی گئی،جس کی وجہ سے انہیں گہری چوٹیں آئیں جبکہ زخمیوں کو علاج ومعالجے کیلئے سب ضلع ہسپتال ترال منتقل کیا گیا ہے جہاں سے دو کو شدید زخمی حالت میں سرینگر منتقل کیا گیا ۔عینی شاہدین کے مطابق شام کے وقت برہان وانی کے آبائی علاقے شریف آباد میں فوج اور نوجوانوں کے درمیان جھڑپیں جاری تھی تو اس دوران فوج نے علاقے کے پانچ نوجوانوں کو گرفتار کر کے انسانی ڈھال بنا کر پہلے ان کے بال کاٹے اور اُس کے فوراًبعد انہیں علاقے کے اُن نوجوانوںپر پتھر مارنے کو کہا جو فورسز پر پتھرائو کر رہے تھے۔عینی شاہدین کے مطابق کچھ وقت تک نوجوانوں سے پتھرائو کرانے کے بعد ان کی اس قدر مار پیٹ کی گئی کہ وہ نیم مردہ حالت میں زمین پر گر گئے اور مدد مدد پکارنے لگے ۔اس دوران اگرچندلوگوں نے اُن کو بچانے کی کوشش کی تاہم فوج نے انہیں آگے آنے کی اجازت نہیں دی ۔واقعے کی خبر جب کسی طرح ایس ڈی ایم ترال کے پاس پہنچی تو انہوں نے ایمبولینس گاڑی لیکر جائے واقعہ پر پہنچ کر پانچوں نوجوانوں کو ترال سب ضلع ہسپتال پہنچایا جہاں سے دو کو شدید زخمی حالت میں سرینگر منتقل کیا ۔شام دیر گئے تک علاقے میں حالات پرتنائو تھے اور فورسز نے جگہ جگہ ناکے لگا رکھے تھے ۔ لوگوں نے بتایا کہ سنیچر کے روز پورے ترال کو فوج کے قبضہ میں دیا گیا تھا اور لوگوں کی نقل عمل میں مکمل پابندی عائد تھی ۔