ترال //ترال کے بیشتر علاقوں میںاتوار کی شام نصف گھنٹے تک جاری رہنے والی طوفانی ژالہ باری نے علاقے میں کھڑی فصلوںخاص کر میوہ باغات کو بڑے پیمانے نقصان پہنچایا ۔ ترال کے ستورہ ،مندورہ،ناگہ بل،بر ن پتھری ،ناگہ پتھری،لام ،بٹنو ر وغیرہ علاقوںمیں اتوار کی شام نصف گھنٹے تک طوفانی ژالہ باری جاری رہی جس سے میوہ باغات میں بڑے پیمانے پر تباہی مچ گئی۔ بر ن پتھری میں ژالہ باری اس قدر شدید تھی کہ درختوں کی شاخیں فصل اور پھول سمیت زمین پر آگئے ۔جہاں پیر کی صبح آٹھ بجے تک علاقے میں نصف فٹ کے قریب اولے جمع تھے۔ ترال میں سب سے زیادہ اراضی پر سیب کے باغات تیار کرنے والے علاقے مندورہ سے کسانوں نے بتایا کہ علاقے میں اس قدر شدید ژالہ باری ہوئی جہاں اب باغات میں کچھ بھی باقی نہیں بچا ہے ۔واضح رہے کہ علاقے کے ستورہ، لام اور نارستان میں بھی گزشتہ دنوں اسی طرح کی ژالہ باری نے تباہی مچائی تھی۔ممبر اسمبلی ترال مشتاق احمد شاہ نے متاثرہ کسانوں کے حق میں امداد کی اپیل کی ہے ۔