ترال/سید اعجاز/ ترال میں ایک پنڈت خاتون کی موت واقع ہونے کے بعد قصبے میں مقیم مسلمانوں نے اُس کی آخری رسومات کو انجام دیا۔تیس سالہ خاتون نیلم پنڈتا زوجہ اشوک کمار ساکن ترال پائین منگل کی صبح دل کادورہ پڑنے سے فوت ہوئی ۔مقامی مسلمانوں نے مذخورہ خاتون کے گھر پہنچ کر سوگواران کی ڈھارس بندھائی ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ مذکورہ کنبے نے کشمیر سے ترک سکونت کرنے کے بجائے اپنے مسلمان بھائیوں کے ہمراہ رہنے کو ہی ترجیح دی۔ ان کی ایک پڑوسی خاتون راجہ بیگم نے بتایا” ہم آپس میں اسی طرح رہتے تھے جس طرح ہمارے باقی قریبی رشتہ دار رہتے ہیں اور میں نے نیلم کو کبھی اپنی بیٹی سے کم پیار نہیں دیا ہے“۔ آخری رسومات کو شام دیر گئے ادا کیا گیا جس کا انتظام بھی مسلمانوں نے ہی کیا ۔اس دوران ڈپٹی کمشنر پلوامہ اور سیول سوسائٹی ممبران کے علاوہ دیگر لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے انکے گھر جا کر پورے خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔