ترال//سید اعجاز//اونتی پورہ میں منعقدہ سپورٹس فیسٹول کے دوران ہائر سیکنڈری سکول کی طالبات کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے خلاف طالبات نے جمعرات کو سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا تاہم پولیس نے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی جگہ کوئی بھی فوٹو سماجی ویب سائٹ پر موجود نہیں ہے۔ترال ہائر سکنڈری سکول کی طالبات نے ادارے سے باہر نکل کر ترال بالا سے بس اسٹینڈ ترال تک احتجاجی مارچ کیا۔ احتجاجی طالبات کا کہنا تھا کہاونتی پورہ میں منعقدہ سپورٹس فیسٹول کے دوران ہائر سیکنڈری سکول ترال کی طالبات کو الگ کر کے افسران کے ساتھ تصاویر لی گئیں جو بقول ان کے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں جسکی وجہ سے ان کی جانوں کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ پولیس کے ایک آفیسر نے بتایا کہ کھیل ختم ہونے پر ایک گروپ فوٹو لیا گیا لیکن کسی بھی جگہ کوئی تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ نہیں کی گئی۔ہائرسیکنڈری کے پرنسپل غلام احمد کمار نے بتایا کہ وہ چھٹی پر تھے تاہم انہوں نے تحقیقات شروع کر دی ہے کہ بچوں کو فیسٹول میں شرکت کے لئے کس نے روانہ کیا تھا۔