ترال//سید اعجازناگہ بل ترال 7کلومیٹر رابطہ سڑک پر صرف 5کلومیٹر پر میکڈم بچھایا گیا ہے جبکہ خستہ حال 2کلومیٹر پر ٹینڈر نکلنے کے باوجود میکڈم نہ بچھانے پر آبادی سراپا احتجاج ہے۔قصبہ ترال کی سب سے بڑی آبادی والے علاقے کو جانے والی ترال ۔ناگہ بل سڑک خستہ حال ہونے کے سبب لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ عوامی مشکلات کو دیکھتے ہوئے دو ماہ قبل محکمہ تعمیرات نے 7کلومیٹر سڑک پر میکڈم بچھانے کےلئے ٹنڈر نکالے۔ 20روز قبل کہلیل سے ترال تک 5کلومیٹر فاصلے پر میکڈم بچھایا گیاجبکہ کہلیل سے ناگہ بل تک سڑک پر میکڈم بچھانے سے یہ کہہ کر انکار کیا کہ مذکورہ 2کلومیٹر زبردست خستہ حال ہے جو میکڈم بچھانے کے قابل نہیں ہے جس کی وجہ سے علاقے کی آبادی سراپا احتجاج ہے۔ عوامی وفد کاکہنا ہے کہ مبینہ طور پر محکمہ اور ٹھیکدار کی آپسی ملی بھگت کی وجہ سے اس اہم حصے کو اس موسم میں میکڈم بچھانے سے رہ جائے گا اور آبادی کی مشکلات میں اضافے ہو گا ۔انہونے الزام عائد کرتے ہوئے کہا جس حصے پر میکڈم بچھایا گیا ہے وہ بھی ٹنڈر کے مطابق نہیں ہے جبکہ علاقے میں ساری صورت حال کی وجہ سے آبادی میں زبردست غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ لوگوں نے اس حوالے سے وزیر تعمیرات نعیم اختر سے ذاتی مداخلت کی اپیل کی ہے ۔ایگزیکٹیو انجینئر اونتی پورہ سجاد نقیب نے رابطہ کرنے پر کہاکہ انہوں نے ”سڑک کے کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا مذکورہ دو کلومیٹر زبردست خستہ حال ہے جس کی وجہ سے میکڈم سے قبل سڑک مزید بھرائی کرنے کے لئے محکمہ G2کے لئے ٹنڈر طلب کرنے کے بعد ایک ماہ کے اندر اندر سڑک پرکسی بھی حالت میں میکڈم بچھیایا جائے گا۔“