سرینگر//تحریک حریت ،حریت (ع)،کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن،تحریک کشمیر،سالویشن مومنٹ، پیپلز فریڈم لیگ،ووئس آف وکٹمزاور پیروان ولایت نے ترال میں فورسز کی کارروائی کے دوران ایک عام شہری کی ہلاکت پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے اخلاق سوز حرکت قرار دیااور معرکہ آرائی کے دوران جاں بحق ہوئے تین جنگجوﺅں کو خراج عقیدت ادا کیا۔ تحریک حریت چیئرمین سید علی گیلانی نے ترال میں جاں بحق ہوئے جنگجوﺅں کو خراج عقیدت ادا کیا ہے ۔انہوں نے نہتے شہری کی ہلاکت پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے فوج کو قتل عام کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے اور اب اپنے جوانوں کے جاں بحق ہونے پر کشمیری عوام کو ماتم کرنے کی بھی اجازت نہیں جو انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ حریت (ع) ترجمان نے فورسز کی کاروائی کے دوران ایک عام شہری اور دیگر کئی عام شہریوں کو زخمی کردینے کی زبردست مذمت کرتے ہوئے اسے اخلاق سوز قرار دیا ۔ ترجمان نے معرکہ آرائی کے دوران جاں بحق ہوئے عسکریت پسندوں کو خراج عقیدت ادا کیا۔ترجمان نے کہاکہ حکمران کشمیریوں کی جائز آواز اور سیاسی مطالبات کو صرف جبر و تشدد اور طاقت کے بل پر دبانا چاہتے ہےں۔ تحرےک کشمےر ترجمان ، سالویشن مومنٹ ، پیپلز فریڈم لیگ ترجمان اور پیروان ولایت خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان قربانیوں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر عالمی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اور اس کو عوامی خواہشات کے مطابق حل کئے بغیر کوئی بھی امن عمل کامیاب نہیں ہوگا۔بیان کے مطابق عدنان سلفی کی قیادت میںایک وفد نے نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ووئس آف وکٹمز کے کارڈی نیٹر نے عام شہری کی ہلاکت پر سخت رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے فورسز کی اس کارروائی کو انسانی حقوق کی بدترین پامالی سے تعبیر کیا۔ کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے عام شہری کی ہلاکت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔