سرینگر//حریت (ع) ترجمان، پیروان ولایت سیکریٹری جنرل آغا سید محمد یعصوب، مسلم لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے سیمو ترال میںمعرکہ آرائی میں سبزر احمد بٹ اور فیضان احمد اور رامپور اوڑی میں جاں بحق کئے گئے سرفروشوں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ان جیالے اور حریت پسند نوجونوں نے اپنی چھڑتی جوانیوں کو مظلوم اور ستم رسیدہ قوم کی آزادی اور سربلندی کیلئے قربان کر دی ہے اور پوری قوم ان عظیم شہیدوں کی قربانیوں کی مقروض ہے۔ حریت (ع) ترجمان نے کہا کہ شہداء کے عظیم نصب العین اور مشن کی آبیاری اور حق و انصاف پر مبنی عوامی جدوجہد کو پائے تکمیل تک لے جانا قیادت اور قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ بیان میں ترال معرکہ آرائی کے دوران ایک اور نہتے شہری 26سالہ عاقب رشید کو راست فائرنگ Target Killingسے شہید اور 70افراد کو شدید زخمی کردینے کی کاروائیوں کو لگام فورسز کی بوکھلاہٹ قرار دیتے ہوئے اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ۔ترجمان نے ماہ مقدس کے پہلے دن ہی جنوبی کشمیر کے بیشتر علاقوں اور شہر سرینگر میں بدترین کرفیو کے نفاذ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے عوام کو شدید مشکلات اور سختیوں میں مبتلا کیا گیا ہے ۔ بیان میں حریت (ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کی ایک بار پھر خانہ نظر بندی ،حریت (گ) و تحریک حریت چیئرمین سید علی شاہ گیلانی کی مسلسل خانہ نظر بندی ،لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک کو سنٹرل جیل منتقل کرنے اور دیگر حریت قائدین ، مختار احمد وازہ ،ایڈوکیٹ شاہدا لاسلام ، انجینئر ہلال احمد وار اور درجنوں حریت عہدیدارں اور کارکنوں کو گھروں اور تھانوں میں مقیدرکھنے کی کاروائیوں کو بدترین آمریت اور فسطایت قرار دیا۔ادھر آغا یعصوب نے اقوام عالم خاص کر اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیر میں جاری نسل کشی کو روکنے کے لئے اپنا رول ادا کریں ۔آغا یعصوب نے کہا کہ جہاں نئی دہلی نے ملت کشمیر کے خلاف اعلانیہ جنگ شروع کر دی ہے وہی پر اب ہندوستان کے زرایع ابلاغ نے جس طرح سے ہمارے خلاف پروپگنڈہ شروع کر رکھا ہے، اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ہندوستان ہر محاذ پر کشمیریوں سے مات کھا رہا ہے ۔سجاد ایوبی نے کہاکہ عسکریت پسندوں کی عظیم قربانیوں کی بدولت ہی تحریک آزادی کشمیر ایک فیصلہ کن مرحلے پر کھڑی ہے اور مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر بنتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان شہیدوں کی ناقابل فراموش قربانیاں ہمارے تحریک کا وہ قیمتی اثاثہ اور سرمایہ ہے جس کو قوم کبھی بھی فراموش نہیں کر سکتی اور جس کی حفاظت کرنا کشمیری عوام کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔