ترال//گرنیڈ حملے میں لقمہ اجل بنے افراد کے حق میں ایکس گریشیاریلیف کی واگذاری اور ملوثین کو بے نقاب کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ٹریڈ یونین ترال نے اتوار کواحتجاج کیا۔ احتجاج میں شامل ٹریڈ یونین صدر نے کہا کہ 7نومبر2014کو اسی جگہ اس طرح کا ایسا ہی ایک پُراسرار واقعہ پیش آیا جس میںدو تاجروں سمیت تین افرادلقمہ اجل بن گئے جبکہ دو درجن کے قریب افرادزخمی ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ اگر چہ اس وقت بھی ملوثین کو بے نقاب کرنے کے ساتھ ساتھ واقعہ کی تحقیقات کا وعدہ کیا گیا تھا تاہم آج تک کوئی تحقیقات نہیں ہوئی۔ انہوں نے حالیہ گرنیڈ حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات اور لقمہ اجل بنے افراد کے حق میں ایکس گریشیا ریلیف واگذارکرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اس دوران علاقے میں اتوار کو تین روزہ ہڑتال کے بعد معمول کی سرگرمیاں بحال ہوگئیں۔