سرینگر/جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں سنیچر کو ہوئی مسلح معرکہ آرائی کے دوران چھ جنگجو جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے جنگجوئوں میں انصار غزوۃ الہند نامی جنگجو تنظیم کا نائب سربراہ بھی شامل ہے تاہم حکام ابھی جاں بحق جنگجوئوں کی شناخت کے بارے میں خاموش ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ معرکہ اس وقت پیش آیا جب فوج، سی آر پی ایف اور ایس او جی اہلکاروں نے ایک مشترکہ آپریشن کے دوران آرمپورہ نامی گائوں کے نزدیک واقع باغات کا محاصرہ کیا جہاں اُنہیں جنگجوئوں کی ایک کمین گاہ موجود ہونے کی اطلاع ملی تھی۔
اس دوران فورسز اور جنگجوئوں کا آمنا سامنا ہوا اور ایک مختصر معرکہ کے دوران چھ جنگجوئوں کو جاں بحق کیا گیا۔
فوج نے چھ جنگجوئوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ کی جگہ سے چھ بندوقیں اور اسلحہ و گولی بارود بر آمد کیا گیا ہے۔