سرینگر/جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں جمعرات کو فورسز کے ساتھ ایک معرکہ آرائی میں2جنگجو جاں بحق ہوگئے۔ ضلع پلوامہ میں جاری اس معرکہ آرائی میں 3فوجی اہلکار بھی زخمی ہوگئے۔
یہ معرکہ آرائی آج صبح سے ترال کے گلشن پورہ علاقے میں جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق معرکہ آرائی کے آس پاس مظاہرین اور فورسز کے مابین شدید جھڑپیں بھی جاری ہیں۔ ان جھڑپوں میں صبح سے جی این ایس کے مطابق کم و بیش دس شہری زخمی ہوگئے جن میں اکثر کو پیلٹ لگے ہیں۔
اس سے قبل گلشن پورہ ترال میں فورسز آپریشن کے دوران چھپے جنگجوﺅں نے فورسز پارٹی پر گولیاں چلائیں جس کے بعد یہاں باضابطہ معرکہ آرائی شروع ہوگئی جو آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھی۔
پولیس ذرائع نے اس معرکہ میں اب تک دو جنگجوﺅں کے جاں بحق اور تین فوجی اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ایک شدید زخمی فوجی اہلکار کو سرینگر سے اُدھمپور کے فوجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔