سرینگر/پولیس اُن دو لاشوں کی شناخت کیلئے ڈی ا ین اے پرفائلنگ کرائے گا جو ترال معرکہ آرائی کے بعد بہت ہی خراب حالت میں بر آمد کی گئیں اور جن کی شناخت تقریباً ناممکن ہے۔
یہ معرکہ آرائی گذشتہ روز جنگجوئوں اور فورسز کے مابین جنوبی کشمیر کے پنلگش نامی علاقے میں پیش آئی جس کے دوران فوج کے مطابق تین جنگجو جاں بحق ہوگئے۔
حکام نے کہا کہ دو لاشیں اس حد تک جلی ہوئی ہیں کہ اُن کی شناخت کرنا مشکل ہورہا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق فورسز نے اُس مکان کو ہی زمین بوس کردیاتھا جس کے اندر جنگجو موجود تھے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق دو عدم شناخت لاشوں کے ڈی این اے کیلئے نمونے حاصل کرلئے گئے ہیں۔
مقامی ذرائع نے کہا کہ مقامی جیش کمانڈر مدثر خان کا والد دیگر رشتہ داروں کے ہمراہ پولیس سٹیشن ترال کے باہر منتظر ہیں جہاں لاشیں رکھی گئی ہیں۔
فوج کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے گذشتہ روز کہا تھا کہ پنگلش معرکہ آرائی کے دوران فورسز نے تین جنگجوئوں کو جاں بحق کردیا۔
سرکاری ذرائع کا تاہم کہنا ہے کہ ابھی تک جائے واردات سے صرف دو لاشیں ہی بر آمد ہوئی ہیں جن کی شناخت بھی کافی دشوار ہے۔