سرینگر//حزب المجاہدین اور لشکر طیبہ نے ترال حملے کوایجنسیوں کی کارستانی قراردیتے ہوئے کہاہے کہ ایسی کارروائیوں کامقصدرواں جدوجہد کو بدنام کرناہے ۔حزب المجاہدین کے آپریشنل ترجمان برہان الدین نے کے این ایس کوایک ٹیلی بیان میں کہاہے کہ جمعرات کی صبح ترال قصبہ میں ہوئے گرینیڈحملہ اورفائرنگ میں فورسز ایجنسیاں ملوث ہیں ۔ حزب آپریشنل کمانڈرمحمدبن قاسم نے ترال حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس میں معصوم شہریوں کے لقمہ اجل اورزخمی ہوجانے پردلی صدمے کااظہارکیا۔انہوں نے کہاکہ ایسی کارروائیوں کامقصدکشمیری عوام اورجنگجوئوںکے درمیان نفاق پیداکرناہے لیکن ایسی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہونگی ۔حزب کمانڈرنے حملے کی آزادانہ تحقیقات کامطالبہ کیا۔اس دوران لشکر طیبہ چیف محمودشا ہ نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ جیسے ہی مسئلہ کشمیر کی گونج اقوام متحدہ میں سنائی دیتی ہے توہندوستان اس طرح کے ہتھکنڈے آزماتی ہے۔سی این ایس کے مطابق محمود شاہ نے کہا ’’ہم اس طرح کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ‘‘۔محمودشاہ نے گرنیڈحملے میں نہتے معصوم شہریوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ براہ راست تحریک آزادی کشمیر پر حملہ ہے لیکن ہمیشہ کی طرح اس بار بھی بھارت کو ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔انہوں نے زخمیوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’دکھ کی اس گھڑی میں ہم ان کے ساتھ ہیںاور اللہ تعالیٰ سے ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں‘ ۔