سرینگر//حریت (گ)،تحریک حریت، دختران ملت،فریڈم پارٹی،نیشنل فرنٹ ،پیپلز لیگ ،مسلم لیگ،لبریشن فرنٹ(آر ) اور حریت (جے کے) نے ترال معرکہ آرائی میں جاں بحق ہوئے چارجنگجوئوں کو خراج عقیدت ادا کیا ہے۔ حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ’ ہمارے یہ سرفروش جموں کشمیرکی آزادی کیلئے اپنی اٹھتی جوانیوں کو قربان کررہے ہیں اور ہم پر یہ ذمہ داری ڈالتے ہیں کہ ہم ان کے مشن کو ہر صورت میں اور ہر قیمت پر جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ اس کی آبیاری بھی کریں‘۔ ہندورہ ترال کے اشفاق احمد خان کے تعزیتی جلسے سے ٹیلیفونک خطاب میں گیلانی نے کہا کہ عظیم مقاصد کے لیے اپنی جانیں دینے والے مرتے نہیں ہیں بلکہ وہ ابدی زندگی حاصل کرتے ہیں اور قوموں کی تاریخ میں ایسے لوگوں کو ہمیشہ یاد رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان دوسروں کے ’کل‘ کیلئے اپنے ’آج‘ کو قربان کرتے ہیں اور ایسے سرفروشوں کی قربانی کسی بھی صورت رائیگان نہیں جاتی ہے۔ حریت چیئرمین نے کہا کہ کچھ لوگوں نے حقیر مفادات کے عوض اپنا سب کچھ گروی رکھا ہے،اسلئے آئے روز بے تکی باتیں کرتے ہیں۔ گیلانی نے کہا’’ ہمارے نوجوان اپنے ذاتی مقاصد، کرسیوں اور جاہ وحشمت کیلئے نہیںبلکہ وہ اللہ کے دین کو اللہ کی زمین پر غالب کرنے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں تاکہ یہاں ایک عدل وانصاف کا ماحول قائم ہوجائے۔ گیلانی نے کہا کہ بھارت نے نشۂ قوت میں مبتلا ہوکر جموں کشمیر میں قتل وغارت گری، مار دھاڑ اور ظلم وبربریت کا بازار گرم کررکھا ہے۔ ایک طرف وہ دنیا سے کہہ رہا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف عالمی لڑائی میں ان کے ساتھ ہے لیکن دوسری طرف جموں کشمیر میں مسلسل خون بہانے میں ملوث ہے۔حریت رہنما نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آج سے ہی یہ عہد کریں کہ وہ کبھی بھی ووٹ کا استعمال نہیں کریں گے، کیونکہ اس سے ہماری تحریک کو کافی نقصان پہنچتا ہے۔ حریت چیئرمین نے کہا کہ ہندنواز سیاستدان ہمارے دشمن ہیں اور ہمیں ہر حال میں ان سے دوری اختیار کرلینی چاہئے۔ تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ حالات کی ستم ظریقی نے ہماری نئی نسل کو اپنے سروں کی فصل کٹوانے پر مجبور کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جن جوانوں کو اپنے والدین، گھروں، سماج اور قوم کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچانے میں اپنا رول ادا کرنا تھا وہی بھارت کی ضداور ہٹ دھرمی کے نتیجے میںیہ خواب ادھورے چھوڑ کر مجبوراًپُرخطر راستہ اختیار کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 70برسوں سے بھارت نے جموں کشمیر کے عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑے اور جموں کشمیر کے مستقبل کو تاریک سے تاریک تر بنادیا گیا۔ تحریک حریت چیئرمین کے مطابق یہاں کے عوام کے سیاسی، قانونی، مذہبی، تہذیبی، اقتصادی، معاشی، معاشرتی اور سماجی حقوق پر شب خون مارا گیا اور جموں کشمیر کو ایک ایسی فوجی کالونی بنادیا گیا جہاں راحت سے سانس لینا بھی مشکل ہوگیا ہے اور اس ذلت آمیز ماحول میں زندگی گزارنے میں لوگ گٹھن محسوس کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ لوگوں نے اس عذاب سے نجات حاصل کرنے کے لیے تمام جمہوری اور پُرامن ذرائع استعمال کئے، مگر بھارت نے تمام جمہوری اور پُرامن ذرائع کو مسدود کرکے فوجی طاقت کا بے تحاشا استعمال کرکے اپنے جبری قبضے کو دوام بخشنے کی روش اختیار کررکھی، جس کے نتیجے میں ہماری نئی نسل تنگ آمد بہ جنگ کے مصداق سرفروشی کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوئی جارہی ہے، یہی وجہ ہے کہ آج ہمارے تعلیم یافتہ نوجوان اپنا مستقبل اور اعلیٰ تعلیمی کیرئیر بھی آزادی کی خاطر داؤ پر لگانے پر مجبور ہیں۔ صحرائی نے پلوامہ قصبے میں فورسز کی طرف سے اپنائے گئے ظالمانہ رویہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اور فورسز مسلسل رات کے اندھیرے میں گھروں میں گھس کر طلباء اور جوانوں کو گرفتار کرکے اُن کے تعلیمی کیرئیر کو برباد کررہی ہے۔ انہوں نے کہا دھونس، دباؤ، ظلم وجبر، تشدد اور گرفتاریوں سے مسئلہ کشمیر کی حقیقت کو ختم کیا جاسکتا ہے اور نہ کٹھوعہ جیسی حیوانی حرکات اور وحشیانہ پن کے خلاف اٹھنے والی احتجاجی لہروں کو روکا جاسکتا ہے۔دختران ملت نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ جوان ہماراقومی اثاثہ ہے اور ان کی قربانی کبھی بھی ضائع نہیں ہوگی۔ترجمان نے مرن پلوامہ میں آدھی رات کو فورسز کے چھاپوں کی مذمت کی جن میں 9جوانوں کو گرفتار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ گرفتاری سے قبل انکو والدین کے سامنے زبردست جسمانی اذیت دی گئی ہے۔ترجمان نے سرینگر سینٹر جیل میں آسیہ اندرابی اور دیگر قیدیوںکے ساتھ روا رکھے گئے سلوک کی مذمت کی ہے۔ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عسکریت پسندوں کی آئے دنوں کی ہلاکتیں اگر چہ قلب و جگر کو رنجیدہ کرتی ہیں لیکن ان سے یہ بات اظہر من الشمس ہوجاتی ہے کہ یہاں کے لوگ آزادی کی منزل کیلئے کس قدر بیش بہا قربانیاں پیش کررہے ہیں ۔ عام لوگوں کے آئے دنوں کے پر امن مظاہروں سے بھی یہی عندیہ ملتا ہے کہ وہ حصول مقصد کے ساتھ کس حد تک جڑے ہیں۔فریڈم پارٹی ترجمان نے آئے دنوں انسانی جانیں تلف ہونے پر صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہی وقت ہے جب بھارت کو تنازعہ کشمیر حل کرنے کیلئے سنجیدہ سیاسی اقدامات کرنے چاہیں۔نیشنل فرنٹ نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے ہی کشمیر کے اندر خون خرابے کا سلسلہ جاری ہے۔چونکہ کشمیر مسئلے کا حل سیاسی اقدامات میں پوشیدہ ہے اس لئے بھارت کو چاہئے کہ جلد از جلد حل کی راہ اختیار کرے۔ترجمان نے کہا کہ فورسز اور اُن کے مقامی آلہ کار ہر گلی اور ہر نکڑ پر ہمارے لخت جگروں کا خون اس لئے بہا رہے ہیں تاکہ جو تحریک آزادی یہاں دہائیوں سے جاری ہے اُس کو کسی طرح ختم کیا جاسکے۔لیکن کشمیریوں نے بار بار اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ وہ اپنے سیاسی حقوق کو لیکر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔پیپلز لیگ کے سینئر رہنما عبدالرشید ڈار کی قیادت میں ایک وفد نے ترال جاکر جاں بحق جنگجوئوں کے لواحقین سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ پیپلز لیگ کے سینئر وائس چیئرمین محمد یاسین عطائی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ جوان ہماری تحریک آزادی کے ہیرو ہیں۔انہوں نے سوگوار گھرانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ۔مسلم لیگ نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان عظیم جوانوں کی قربانیاں ضایع نہیںہوں گی ۔لبریشن فرنٹ(آر ) کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہی جوان ہماری تحریک کے ہیرو ہیں۔انہوں نے سوگوار گھرانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ساری قوم ان کی پشت پر کھڑی ہے۔ حریت (جے کے) نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان صف شکن جوانوں کی قربانیوں کی بدولت ہی آج مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر ایک اہم مسئلے کی طرح دیکھا جارہا ہے اور بھارت پر اس کو حل کرنے کیلئے دباو میں اضافہ ہورہا ہے۔