سرینگر//دختران ملت نے پولیس کی طرف سے حاجن میں جاں بحق جنگجو کے جنازے میں شرکت کرنے والوں کے خلاف کاروائی کے بیان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان بیانات سے پولیس کی ذہنی شکست کا پتہ چلتا ہے۔ایک بیان میں دختران ملت سربراہ آسیہ اندرابی نے کہا کہ گائوں کے چوراہے پر جنگجو کی نعش پانے کے بعدلوگوں نے اس کی تجہیز و تدفین کی۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی بھاری تعداد میں شرکت عیاں کرتی ہے کہ لوگوں کوتحریک سے عقیدت ہے۔آسیہ نے کہا کہ پولیس نے لوگوں پر بیش ہا مظالم ڈھائے ہیں اور یہ بیان اس کی تائید کرتا ہے ۔ آسیہ اندرابی نے حاجن کے عوام کو خراج تحسین پیش کیا۔دریں اثنا ء اندرابی نے کہا کہ گذشتہ روز ترال میں مشتاق احمد چوپان کو زیر حراست جاں بحق کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چوپان پچھلے ایک ماہ اور20 دن سے پولیس کی حراست میں تھا۔انہوں نے کہا کہ مشتاق کو زیر حراست مارا گیا اور یہ بین الاقوامی اقدار کے تحت ایک بدترین جرم ہے ۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ثابت قدم رہیں اور اللہ سے نصرت طلب کریں ۔