ترال//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے کہا ہے کہ وہ ریاست میں پائیدار امن اور ترقی کے ایجنڈا پر وعدہ بند ہیں ۔ترال میں پارلیمانی چناﺅ کے سلسلے میں پارٹی امیدوار مفتی تصدق حسین کے حق میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے جنرل سیکریٹری نظام الدین بٹ نے کہا ”لوگوں کے ساتھ کسی بھی طرح کا کوئی دھوکہ نہیں ہوگا،ہم عوام کی جائز خواہشات کا احترام کرتے ہیں اور تمام مسائل کو حل کیا جائے گا چاہیے راستے میں کتنی بھی مشکلات کیوں نہ ہو۔“پارٹی ورکروں کے جذبہ کو قابل تعریف قرار دیتے ہوئے نظام الدین بٹ نے کہا کہ پارٹی ورکروں کی ہمت اور حوصلہ دیکھ کر ہمیں ریاست کی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے زیادہ سے زیادہ کام کرنے کا جذبہ ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکار کو کئی محاذوں پر چیلنجوں کا سامنا ہے لیکن ہم امن کے مشن کو کسی بھی صورت میں ادھورا نہیں چھوڑ سکتے۔انہوںنے کہا کہ سرکار ایجنڈا آف الائنس کو عملی جامہ پہنانے میں سنجیدہ ہے تاکہ ریاست میں امن اور ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوسکے۔بٹ کا کہنا تھا کہ سرکار عوام کی ہے اس لئے سرکاری اداروں کی مضبوطی کے حوالے سے عوام کو تجاویز دینی چاہیے تاکہ سرکار کے کام کاج کو مزید بہتربنایا جا سکے۔ممبر اسمبلی ترال مشتاق احمد شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سرکار عوام کو درپیش مشکلات سے آگاہ ہے اور سرکار نے ترال کی ترقی کے لئے ایک جامع منصوبہ بنایا جس پر جلدی کام شروع کیا جا رہا ہے۔