سرینگر//متحدہ جہاد کونسل کے سیکریٹری جنرل اور تحریک المجاہدین کے امیر شیخ جمیل الرحمان نے گیسو تراشی کو فورسز اور خفیہ ایجنسیوں کے ہاتھوں کشمیری خواتین کی تذلیل قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت خوف و دہشت پھیلا کر کشمیریوں کو آزادی کی جدوجہد سے دستبردار نہیں کرسکتابلکہ یہ تحریک شدت کے ساتھ کامیابی کی جانب گامزن رہے گی۔موصولہ بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ بھارت نے اس سے پہلے بھی کشمیریوں کی تذلیل ، قتل عام اور اربوں روپے کی املاک کو تباہ کرنے کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام کو کبھی بھوت اور کبھی بھیس بدل کر خوفزدہ کیا جاتا رہا۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے ثابت کر دیا کہ دنیا کی کوئی طاقت ان کے عزم و استقلال کو شکست نہیں دے سکتی۔ شیخ جمیل نے کہا کہ خواتین کے بال کاٹنا کشمیری عوام کی توہین ہے اور بھارت نے اب ایک نیا چیلنج دیا ہے ،جس کا مقابلہ کرنے کے لئے قوم کو اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔