سرینگر//ناظم تعلیمات کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے اُن تمام چیف ایجوکیشن افسران اور زونل ایجوکیشن افسران کو ہدایت دی ہے جنہوں نے اب تک اپنے دفاتر میں کام کررہے اساتذہ کو اپنی اپنی جگہوں پر واپس نہیں بھیجا ہے وہ فوری طور اُنہیں کرکے واپس اپنی جگہوں پر روانہ کریں۔واضح رہے اس سلسلے میں وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے ہدایت دی تھی کہ محکمہ تعلیم کے دفاتر میں کام کر رہے تدریسی عملے کو واپس اپنی جگہوں پر بھیجا جائے۔ اِسی ضمن میں ناظم تعلیمات کشمیر نے واضح کیا ہے کہ اِن دفاتر کے ساتھ مُنسلک تدریسی عملے کو واپس اپنی جگہوں پر بھیجا جارہا ہے۔ ناظم تعلیمات کشمیر نے اِس سلسلے میں تمام چیف ایجوکیشن اور زونل افسران سے کہا ہے کہ وہ اِس سلسلے میں رپورٹ ۷ دنوں کے اندر اندر پیش کریں۔ اُنہوں نے کہا ہے کہ اِس سلسلے میں کوتاہی برتنے اور احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔