یو این آئی
نئی دہلی//نائب صدرجمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ نے تحقیق اور اختراعات کو ترقی یافتہ ملک کے ہدف کے حصول کے لئے اہم قراردیتے ہوئے ہفتہ کو کہا کہ ہندوستان سب سے قدیم، سب سے بڑی اور فعال جمہوریت ہے، اسے دنیا کی سب سے طاقتور جمہوریت بھی بننا چاہئے۔یہاں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے کنووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئیدھنکھڑ نے کہا، “تحقیق اور اختراع کی بلندی عالمی برادری کے لیے ہماری صلاحیت کو واضح کرے گی۔ یہ ہماری’نرم سفارت کاری‘کو ایک نئی جہت دے گی۔انہوں نے تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ اختراعات اور تحقیق کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور کارپوریٹ اداروں پر زور دیا کہ وہ خاطر خواہ شراکت کے ذریعے اس مشن کی حمایت کریں۔ انہوں نے زورد ے کر کہا، تجارت، صنعت، کاروبار اور ٹریڈ یونینس کومالی تعاون کے ذریعے تحقیق اور اختراع کو فروغ دینے کے لیے آگے آنا چاہیے۔نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ترقی یافتہ قوم ہونے کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے تحقیق اور اختراعات اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم تجارت نہیں ہے۔ تعلیم معاشرے کی خدمت ہے۔ تعلیم ایک ذمہ داری ہے۔ خدمت کرنی چاہیے۔ معاشرے کو کچھ دینا فرض ہے۔ معاشرے کو کچھ دینے کا سب سے اچھا طریقہ تعلیم میں سرمایہ کاری کرنا ہے۔ انہوں نے کہا’’تعلیم میں سرمایہ کاری انسانی وسائل میں سرمایہ کاری ہے، حال میں سرمایہ کاری ہے، ہمارے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ تعلیم کے ذریعے ہی ہم اپنے ہزاروں صدیوں کے شاندار ماضی کو جان سکتے ہیں‘‘۔