اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کی تحصیل کاہرہ میں راشن کی عدم دستیابی، پرائمری ہیلتھ سینٹر ملانوں میں بنیادی ڈھانچے کی کمی و تعمیری پروجیکٹوں پر سست روی برتنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مقامی لوگوں نے ضلع و مقامی انتظامیہ سے موسم سرما کے پیش نظر بنیادی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔ نوجوان سماجی کارکن آصف اقبال بٹ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل کاہرہ میں غریب و مستحق صارفین راشن سے محروم ہیں اور متعلقہ محکمہ خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا موسم سرما شروع ہو گیا ہے اور غریب عوام راشن سے محروم ہے۔ انہوں نے کہاکہ تیس ہزار آبادی کے لئے قائم پی ایچ سی ملانوں میں بنیادی ڈھانچے کی کمی کے باعث مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ڈینٹل چیئر عرصہ دراز سے غیر فعال ہے وہیں دیگر ڈھانچے کی بھی قلت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاہرہ جائی سڑک کی حالت بھی خستہ حال ہے اور جوڑا خورد سے جنترون سڑک پر بھی کام شروع نہیں کیا گیا ہے۔ اس دوران انہوں نے ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ آشیش پال مہاجن سے بھی ملاقات کی اور عوامی مسائل کو لے کر ایک یادداشت بھی پیش کی۔ آصف اقبال کی قیادت میں وفد میں راجا شکیل، نفیس کین و عابد ملک نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے ان مطالبات کا ترجیح بنیادوں پر ازالہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
تحصیل کاہرہ میں بنیادی سہولیات کا فقدان | کئی کنبے راشن سے محروم، لوگوں نے ڈی سی کو یاداشت پیش کی